• news

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کچے میں آپریشن ، مغوی کانسٹیبل بازیاب: زخمی اہلکار ایئر ایمبولینس سے لاہور منتقل

لاہور (نیوز رپورٹر+نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کچہ حملے میں زخمی کانسٹیبل بلال کو پاکستان کی پہلی ایئر ایمبولینس سروس کے ذریعے علاج کے لیے پینز/ جنرل ہسپتال لاہور منتقل کردیا گیا۔ وزیر اعلیٰ  مریم نواز شریف نے گزشتہ روز شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں بلال کی عیادت کے دوران کچہ حملے میں شدید زخمی کانسٹیبل کو ائیر ایمبولینس کے ذریعے لاہور منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ کچہ کے ڈاکوؤں کے حملے میں گولیاں لگنے سے زخمی کانسٹیبل بلال کی ریڑھ کی ہڈی اور اعصابی نظام متاثر ہوا۔ جنرل ہسپتال کے ماہر نیورو سرجن زخمی کانسٹیبل کا علاج کریں گے۔ ڈاکٹر کانسٹیبل بلال کی مکمل صحت یابی کے لیے پر امید ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر زخمی کانسٹیبل بلال کے علاج کے تمام اخراجات حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ کچہ میں زخمی ہونے والے کانسٹیبل ہمارے ہیرو ہیں، مکمل بحالی تک بھرپور ساتھ دیں گے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف کے احکامات پر پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کچے میں آپریشن کے بعد مغوی سپاہی احمد نواز کو ڈاکوؤں کے چنگل سے بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے گزشتہ روز رحیم یارخان کے دورے کے موقع پر مغوی سپاہی کی بازیابی کے احکامات دئیے تھے۔ کچے کے ڈاکو دو روز قبل ماچھکہ سے سپاہی احمد نوازکو اغوا کرکے ساتھ لے گئے تھے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے ڈی پی او رضوان عمر گوندل سمیت پولیس افسروں اور عملے کو شاباش دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سپاہی احمد نوازاور اس کے اہل خانہ کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ سپاہی احمد نوازکی بحفاظت بازیابی پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے اس عزم کا اظہار کیاکہ ڈاکوؤں کا صفایا حکومت کی اولین ذمہ داری اور فرض ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کانسٹیبل احمد نواز کی بحفاظت بازیابی اولین ترجیح تھی۔ کانسٹیبل احمد نواز کی بحفاظت بازیابی پولیس کی اہم کامیابی ہے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ کچہ کریمنلز کی سرکوبی مشن ہے۔کچہ کو ڈاکوؤں سے پاک کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔پولیس کچہ ایریاز میں پوری قوت کے ساتھ موجود ہے۔ پولیس فورس کا اپنے ٹارگٹ پر فوکس ہے۔ جوانوں کا مورال بھی بلند ہے۔ مزید برآں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ ڈاکوؤں سے بازیاب کروائے گئے کانسٹیبل احمد نواز کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ کانسٹیبل احمد نواز کے بھائی، والد، چچا و دیگر اہلخانہ ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ آئی جی پنجاب نے کانسٹیبل احمد نواز کے اہلخانہ کو گلے لگایا اور حوصلہ افزائی کی۔ آئی جی پنجاب کا کانسٹیبل احمد نواز کی بحفاظت بازیابی پر اہلخانہ سے مسرت کا اظہار، مبارکباد دی۔ آئی جی  نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کا ہر سپاہی دہشت گردوں، شرپسندوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔ کچہ ایریا سے تمام شر پسند و جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان، آر پی او بہاولپور رائے بابر، ڈی پی او رحیم یار خان رضوان گوندل سمیت سینئر افسر موقع پر موجود تھے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ ماچھکہ میں گھوٹکی سے متصل اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ مورچوں پر کریمنلز کے خلاف نبرد آزما جوانوں سے ملاقات کی، نامساعد حالات میں فرائض سر انجام دینے والے پولیس جوانوں کے بلند مورال اور ہمت و حوصلے کو سراہا۔ آئی جی پنجاب نے سانحہ ماچھکہ کی جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈی پی او رحیم یارخان رضوان عمر گوندل نے آئی جی پنجاب کو کچہ کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب تھانہ ماچھکہ بھی گئے اور بازیاب کانسٹیبل احمد نواز سے ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ مشکل ترین حالات میں کچہ کے اگلے مورچوں پر ڈیوٹی سر انجام دینے والے اہلکار ہمارے حقیقی ہیرو ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب  محمد کامران خان، ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس، آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ای پیپر-دی نیشن