کوشش ہے معیشت بحال ہو جائے، اداروں میں اصلاحات کیلئے دن رات محنت کر رہے: اسحاق ڈار
لاہور (خصوصی نامہ نگار) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحق ڈار نے کہا ہے کہ قومی اداروں میں اصلاحات لانے کے لیے دن رات محنت کررہے ہیں۔ شہباز شریف کی قیادت میں معیشت دوبارہ بحال ہوگی، ہم پاکستان کو دنیا میں معاشی طور پر باوقار ملک بنائیں گے۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ کا فضل ہے، پہلے بھی وزیر خزانہ رہا، اس بار مجھے کئی ذمہ داریاں ملی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاکستان کو معاشی طور پر بہت نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بھنور سے نکلنے میں 15سال لگیں گے۔ لیکن نواز شریف کی حکومت میں اللہ کے فضل سے پاکستان کو مشکلات سے نکلنے میں صرف ساڑھے 3سال لگے۔ 2013میں 18، 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تھی، ایک دن میں درجنوں دہشت گردی کے واقعات ہوتے تھے۔ معیشت تباہ کن تھی، پھر اللہ تعالی نے کرم کیا، ساڑھے 3 سال میں تمام مسائل حل ہوئے، لوڈ شیڈنگ ختم ہوگئی، دنیا ہماری معیشت کی معترف ہو گئی اور کہا گیا کہ جس طرح پاکستان ترقی کر رہا ہے یہ جلد جی 20میں شامل ہوگا۔ نواز شریف کی قیادت میں 2017 میں پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت تھا لیکن اس کے بعد اگلے 4 برسوں میں پاکستان معاشی لحاظ سے 47ویں نمبر پر آ گیا اور یہ کوئی چھوٹا نقصان نہیں ہے، آج جو ملک کے مسائل ہیں یہ اسی وجہ سے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ہماری کوشش ہے کہ معیشت بحال ہو اور ہم دوبارہ پاکستانیوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا اقدام لائق تحسین ہے جس میں انہوں نے 64 ارب روپے مختص کر کے پنجاب کے عوام کو بجلی کے یونٹ میں 14 روپے کا ریلیف دیا ہے۔ اس سے پہلے شہباز شریف کابینہ کی منظوری سے 200یونٹ استعمال کرنے والوں کو 50 ارب روپے کی سبسڈی دے چکے ہیں۔ میرا ایمان ہے کہ اس ملک نے مسلم امہ کی قیادت کرنی ہے، اسے ہم نے ایٹمی قوت بنا دیا، اب اسے معاشی قوت بنانا ہے۔