حق حکمرانی پی ٹی آئی کا، زرداری نے دوتہائی اکثریت کیلئے مولانا سے ملاقات کی: اچکزئی
مردان (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ زرداری نے مولانا سے دو تہائی اکثریت کے لیے ملاقات کی ہے۔ صرف 9مئی کی نہیں دوسرے معاملات کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔ مردان پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں بھی چندے کے نام پر رشوت لے رہی ہیں۔ پاکستان میں حق حکمرانی سب سے بڑا مسئلہ ہے، انتخابات میں ملک بھر میں پی ٹی آئی جیت چکی اور حکمرانی بھی اس کا حق ہے۔ لیکن شہبازشریف وزیراعظم بن بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں آئین کی حکمرانی ہوتی تو پاکستان نہ ٹوٹتا، بھٹو کو پھانسی نہ ہوتی اور نہ ہی بینظیر قتل ہوتی۔ محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈوب رہا ہے، پاکستان کے تمام مسائل اندرونی ہیں اور ہم بھیڑیوں کی طرح ملک کو نوچ رہے ہیں۔ ملک میں بسنے والی تمام قومیتوں کو برابر کے حقوق دیے جائیں، ہم خیرات نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ فوج اور ایجنسیوں کے بغیر ملک نہیں چلتا، پاکستان چلانے کیلئے آئین کی بالادستی اور پارلیمنٹ کو طاقت کا سر چشمہ تسلیم کرنا ہوگا۔ آئینی ترامیم کے حوالے سے ان کے ساتھ ترامیم قوم کی مفاد میں ہوئے تو ساتھ دیں گے۔ ایکسٹینشن چیف جسٹس کا ہو یا کسی اور کا نہیں دینی چاہئے۔