• news

دالیں، درجہ اول کا گھی مہنگا، سفید چنے، نئے چاول کی قیمت کم

لاہور (کامرس رپورٹر) ہول سیل اور پرچون سطح پر مختلف دالوں اور درجہ اول گھی کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ سفید چنے، نیا چاول اور درجہ دوم گھی کی قیمتوں میں کمی ہو گئی۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق ہول سیل مارکیٹ میں دال چنا (باریک )کا ڈی سی ریٹ 275 روپے جبکہ پرچون قیمت 280 روپے مقرر ہے تاہم ہول سیل مارکیٹ میں دال چنا کی قیمت 70روپے اضافے سے345روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ پرچون سطح پراس کی  360سے 380 روپے کلو تک فروخت جاری ہے۔ کالا چنا (باریک)کی ہول سیل میں ڈی سی قیمت 270روپے جبکہ پرچون فروخت کے لئے 280روپے مقرر ہے تاہم ہول سیل میں اس کی قیمت میں بھی 70روپے اضافہ دیکھا گیا ہے اور یہ 340روپے کلو تک پہنچ گیا ہے اور پرچون سطح پر اس کی  360سے     370 روپے فروخت جاری ہے۔ بیسن کی ہول سیل قیمت 290جبکہ پرچون سطح پر 300 روپے مقرر ہے تاہم ہول سیل میں 20روپے اضافے سے اس کی قیمت 310 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے اور پرچون سطح پر 320 روپے تک فروخت جاری ہے۔ اوپن مارکیٹ میں درجہ اول گھی کی قیمت 15روپے اضافے سے 515 روپے کلو ہو گئی ہے، اس کی پانچ پیکٹ کی پیٹی 75 روپے اضافے سے2575 روپے ہو گئی۔ ہول سیل مارکیٹ میں سفید چند کی قیمت میں 30 روپے کمی دیکھی گئی ہے اور یہ 270 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ مارکیٹ میں نئے چاول کی قیمت میں بھی 10روپے کمی ہوئی ہے۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں درجہ دوم گھی کی ہول سیل فی کلو قیمت 12روپے کمی سے440 روپے ہو گی جبکہ 12پیکٹ کی پیٹی کی قیمت میں 144روپے کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن لاہور کے صدر طاہر ثقلین بٹ نے ہول سیل اور پرچون سطح پر مختلف اشیائے خوردونوش کی ڈی سی ریٹ کے مطابق فروخت نہ ہونے کے حوالے سے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے جو ریٹ لسٹ نکالی جاتی ہے وہ زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتی۔ 

ای پیپر-دی نیشن