نئی حج پالیسی کا اعلان اگلے ماہ متوقع،کوٹے میں تبدیلی پر غور
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزارت مذہبی امور نے آئندہ سال2025ء کی حج پالیسی کی تیاریوں پرکام تیز کر دیا۔ ذرائع کے مطابق حج پالیسی کا اعلان آئندہ ماہ ستمبر میں کیے جانے کا امکان ہے۔ پرائیویٹ حج اور سرکاری حج سکیم کوٹے سے متعلق پالیسی میں تبدیلی اور زیادہ اور کم مدتی حج سکیم کے معاملے پر بھی نئی پالیسی لانے پر غور کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئی پالیسی میں عازمین حج کی شکایات کے ازالے اور نئی سہولیات کی فراہمی پر بھی غور کیا گیا۔ کراچی اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت پاکستان میں ہی امیگریشن کے انتظامات کیے جائیں گے اور آئندہ سال حج کے دوران لاہور ائیرپورٹ کو بھی روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل کرنے کی سعودی حکام سے درخواست کی جائے گی۔