پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر بدترین شکست، بنگلہ دیش کی تاریخی فتح
لاہور(سپورٹس رپورٹر ) راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کو 10وکٹوں سے شکست دیکر بنگلہ دیش کی ٹیم نے تاریخ رقم کردی جبکہ قومی ٹیم کی بنگال ٹائیگرز کیخلاف ٹیسٹ کرکٹ میں یہ پہلی شکست ہے‘بنگلہ دیش کو دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ بنگلہ دیش کیخلاف راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم نے مہمان ٹیم کو جیت کیلئے صرف 30رنز کا ہدف دیا جو اس نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔راولپنڈی ٹیسٹ کے پانچویں روز بنگلہ دیش کے پہلی اننگز کے 565 رنز کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم صرف 146رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ آخری روز پاکستان نے ایک وکٹ پر 23رنز سے اننگز شروع کی تو کپتان شان مسعود جلد آوٹ ہوگئے،وہ 14رنز بناسکے۔ بابر اعظم 22رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ سعود شکیل ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی مرتبہ صفر پر آئوٹ ہوئے‘انہوںنے پہلی اننگز میں سنچری بنائی اور سٹمپ آئوٹ ہوئے ‘دوسری اننگز میں بھی سٹمپ آئوٹ ہوئے۔ عبداللہ شفیق بھی 37رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، سلمان آغا بھی کھاتہ کھولے بغیر ہی آوٹ ہوگئے۔ کھانے کے وقفے تک پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 22 اور شاہین آفریدی ایک رن پر موجود تھے۔ وقفے کے بعد جیسے ہی کھیل شروع ہوا تو شاہین شاہ آفریدی اپنے انفرادی سکور میں ایک رن کا اضافہ کرکے آئوٹ ہوگئے، انہیں 2 رنز پر مہدی حسن نے نشانہ بنایا، نسیم شاہ 3 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔ محمد رضوان51رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، مہدی حسن نے انہیں آئوٹ کیا، محمد علی بغیر کھاتہ کھولے آئوٹ ہوئے۔7کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے۔ مہدی حسن میراز 4، شکیب الحسن 3، شرف الاسلام، حسن محمود اور ناہیدرانا نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان کی پہلی اننگز کے سکور 448 کے جواب میں 565رنز پر آئوٹ ہوگئی تھی اور اسے میزبان ٹیم پر 117رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔مشفیق الرحیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ راولپنڈی میں ہی 30اگست سے کھیلا جائیگا۔