• news

مشترکہ پارلیمنٹ اجلاس اگلے ہفتے، جسٹس منصور ہی چیف جسٹس ہوں گے: وزیر قانون 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہوا، قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے اور دورانیئے  سے متعلق بات چیت کی گئی۔ قومی اسمبلی کا مورخہ 26 اگست سے شروع ہونے والے اجلاس کا دورانیہ دو ہفتے رکھنے کی تجویز ہے۔ اعلامیہ کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اگلے ہفتے بدھ یا جمعرات کو طلب کرنے کی تجویز ہے۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ مشترکہ اجلاس میں کوئی آئینی ترمیم نہیں ہو سکتی، اس سے متعلق باتیں بے بنیاد ہیں۔ اجلاس میں ختم نبوت سے متعلق کیس میں پارلیمان علماء اور دیگر کے مثبت کردار کی تعریف کی گئی۔ سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ ختم نبوت ایمان کا حصہ ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ نئے چیف جسٹس کی تعیناتی کے عمل میں سنیارٹی سب سے اہم ہو گی۔ سینئر ترین جج جسٹس منصورہی چیف جسٹس ہوں گے، چیف جسٹس فائز پہلے ہی کہہ چکے وہ توسیع نہیں لینا چاہتے۔ ججز کی تعیناتی سے متعلق غیر ضروری بحث اور سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ چیف جسٹس کی تعیناتی سے متعلق ہائیکورٹس میں سنیارٹی کا قانون نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن