منی لانڈرنگ کیس، مونس الٰہی سمیت 6 ملزموں کے شناختی کارڈ بلاک
لاہور (این این آئی) عدالتی احکامات پر اینٹی منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے صاحبزادے سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الٰہی کا شناختی کارڈ بلاک کر دیا گیا۔ایف آئی اے ترجمان کے مطابق مونس الٰہی کا پاسپورٹ بھی کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا گیا۔ مونس الٰہی کے ساتھ 5 ملزموں کے شناختی کارڈز بھی بلاک کئے گئے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ ملزموں کے شناختی کارڈز منی لانڈرنگ کیس میں بلاک کیے گئے۔ مونس الٰہی کے علاوہ جن دیگر ملزموں کے شناختی کارڈز منی لانڈرنگ کیس میں بلاک کیے گئے ان میں عامر سہیل، عمیر فیاض، امتیاز علی شاہ، فراست علی اور عابد علی خان شامل ہیں۔ ملزموں کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ سرکل میں مقدمہ نمبر16/23 درج ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی لاہور زون سرفراز خان ورک نے کہا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم کسی رعایت کے مستحق نہیں، عدالت ان ملزموں کے خلاف جو بھی احکامات دے گی ان پر عمل درآمد ہو گا۔