چہلم حضرت امام حسینؓ عقیدت و احترام سے منایا گیا، مجالس عزا، جلوس
لاہور (خصوصی نامہ نگار) نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی شہادت کا چہلم ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں مختلف مقامات پر مجالس عزا کے انعقاد کے علاوہ علم اور شبیہ ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوئے۔ علماء کرام و ذاکرین واقعہ کربلا کے فضائل پر روشنی ڈالی، حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی حق، انصاف اور اسلام کی سربلندی کیلئے عظیم قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ لاہور میں چہلم کا مرکزی جلوس الف شاہ حویلی سے برآمد ہوا اور مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہوا۔ جگہ جگہ زنجیر زنی بھی کی گئی۔ راستوں پر دودھ اور پانی کی سبیلیں لگائی گئی تھیں۔