• news

بلوچستان میں بڑے آپریشن کی ضرورت نہیں، دہشت گرد صرف ایس ایچ او کی مار ہیں: محسن نقوی

اسلام آباد+کوئٹہ (نمائندہ خصوصی +اپنے سٹاف رپورٹر سے +نوائے وقت رپورٹ)وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کسی بڑے آپریشن کی ضرورت نہیں یہ دہشت گرد صرف ایک ایس ایچ او کی مار ہیں۔ دہشت گردوں کو جلد ایک ’’اچھا میسج‘‘ مل جائے گا۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ آمد کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔محسن نقوی نے بلوچستان کے معاملے پر بہت کام ہو رہا ہے، کچھ سامنے ہے اور کچھ جو بظاہر نظر نہیں آ رہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ جو کچھ مانگ رہے ہیں انہیں وفاق کی مکمل حمایت حاصل ہے، جو کچھ بلوچستان میں ہوا ہمیں اس پر دکھ ہے۔ بلوچستان حکومت بالکل جاگی ہوئی ہے، دہشت گردوں کے خلاف مقابلے کی جو سوچ اس بلوچستان حکومت میں آئی ہے پہلے کبھی نہیں آئی۔ ان دہشت گردوں نے چھپ کر حملہ کیا، ہمت ہوتی تو سامنے آ کر مقابلہ کرتے، ہمیں ان کے لیے کسی لمبی چوڑی سائنس کی ضرورت نہیں یہ دہشت گرد ہیں جن کا مقابلہ کرنا ہماری فورسز جانتی ہیں۔ ان کا جلد بندوبست ہو گا۔ صحافی کے سوال پر انہوں نے وضاحت دی کہ ایس ایچ او کہنے کا مقصد یہ نہیں کہ صرف ایک ایس ایچ او ہی آپریشن کرے گا مطلب یہ کہ چھوٹی کارروائی ہو گی، بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر صدر مملکت کو بریفنگ دی گئی۔ بلوچستان میں امن و امان کے قیام سے متعلق تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، صدر مملکت نے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ محسن نقوی نے بلوچستان کے بعض علاقوں میں دہشتگردی کے واقعات کے بعد منگل کو کوئٹہ کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ اور وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کے درمیان ملا قات ہوئی اور انہوں نے امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں بلوچستان میں امن عامہ اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی پرزور مذمت کی۔ دونوں رہنماؤں نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔ وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہداء کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ ہر پاکستانی کی جنگ ہے۔ وزیر داخلہ نے یقین دلایا کہ بلوچستان میں امن کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن