کیپٹن محمد علی لاہور، دیگر شہداء فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپرد خاک
اسلام آباد‘لاہور‘راولپنڈی‘کوئٹہ ‘ساہیوال‘میانوالی ‘بورے والا( نیوز رپورٹر‘خبرنگارخصوصی‘ نمائندہ نوائے وقت‘نامہ نگاران) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 25 اور 26 اگست2024 کی درمیانی شب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگرد حملوں کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے کیپٹن محمد علی قریشی شہید (عمر29سال، ساکن ضلع لاہور)، نائیک عطاء اللہ شہید(عمر27سال، ساکن ضلع مردان)‘ سپاہی محمد سلیم شہید (عمر26سال، ساکن ضلع میانوالی) اور سپاہی محمد یاسر بشیر شہید (عمر26سال، ساکن ضلع ملتان) کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن محمد علی قریشی کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر لاہور نے شرکت کی جبکہ دیگر شہداء کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں، شہداء کے لواحقین اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ اورہمار ے شہداء کی یہ عظیم قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔بلوچستان موسیٰ خیل میںشہید ہونے والے افراد میں ساہیوال کا ایک شہری بھی شہید ٗ62/5-Lمیںسپردخاک کردیا گیا۔میانوالی‘کالاباغ سانحہ میں وفات پا جانے والے دو نوجوان محمد علی اور دلیل عباس کی نماز جنازہ ماڑی شہر میں ادا کر دی گئی۔بورے والا‘بلوچستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہباز اور قدیرکی نمازجنازہ ادا کر دی گئی ۔ان کی تدفین آ بائی قبرستان میں کر دی گئی ۔کوئٹہ ‘ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشتگرد کارروائیوں کے مقدمات سی ٹی ڈی تھانہ میں درج کرلئے گئے۔انسداد دہشتگردی ‘قتل ‘اقدام قتل اوردیگر دفعات کے تحت درج کئے گئے۔سی ٹی ڈی ذرائع کاکہنا ہے کہ دہشتگردوں کی نعشوں کی شناخت کیلئے نادرا سے رجوع کیا گیا ہے ۔انگوٹھوں کے نمونے نادرا کو بھجوادیئے گئے ہیں۔ جسمانی اعضاء پنجاب فارنز ک لیب کوبجھوائے گئے ہیں۔