ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن بنانی چاہئے: خواجہ آصف
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن بنانی چاہئے، بانی پی ٹی آئی تسلی رکھیں پاکستان میں سب سے محفوظ جگہ جیل ہے۔ مودی کو اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی دعوت ضرور دیں گے۔ حکومت نے جلسہ ملتوی کرنے کیلئے پی ٹی آئی سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ جلسہ کے حوالے سے حکومت کو قطعی طور پر کوئی پشیمانی یا پریشانی نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کسی صورت جلسہ کر کے کسی امتحان میں نہیں پڑنا چاہتی تھی۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور کے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ہیں بھی اور ہونے بھی چاہئیں۔ بلوچستان میں شناختی کارڈ دیکھ کر قتل کیا گیا، یہ سلسلہ بند نہیں ہو رہا، بلوچستان کے ارکان اسمبلی حلقوں کی بجائے کوئٹہ یا اسلام آباد پائے جاتے ہیں۔