مشکلات کے باوجود ہمارے ارکان اسمبلی متحد ،کوئی فارورڈ بلاک نہیں: بیرسٹر گوہر
اسلام آباد (آئی این پی ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ تمام مشکلات کے باوجود ہمارے ارکان اسمبلی متحد ہیں، تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں۔ الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہرخان کا کہنا تھا کہ ہم نے تیسری مرتبہ انٹرا پارٹی انتخابات کے بعد آٹھ مارچ کو دستاویزات الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرائی تھیں، آج تک ہمیں سرٹیفکیٹ نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 39 ارکان کو پی ٹی آئی ایم این ایز ڈیکلیئر کرنے کا حکم دیا، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رہنمائی مانگی ہے کہ پہلے وہ فیصلہ آ جائے، امید ہے سپریم کورٹ اپنا حکم اور واضح کر دے گی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جو سرٹیفکیٹ ہم نے 39 امیدواروں کیلئے دیا وہ باقی کی حد تک بھی تھا، امید ظاہر کی کہ لوکل باڈیز انتخابات وقت پر ہوں گے، اگر ہوئے تو پی ٹی آئی کلین سویپ کرے گی۔ بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہے، لوگ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے نظریے کے ساتھ ہیں، ہمیں کسی نشان کی ضرورت نہیں، اسلام آباد کے لوکل گورنمنٹ الیکشن میں بھرپور حصہ لے کر کلین سویپ کریں گے، حکومت بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔