صدر مملکت نے چینی بری فوج کے سربراہ کو نشان امتیاز ملٹری سے نواز دیا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت نے پاک چائنہ تعلقات میں کردار ادا کرنے پر چینی پیپلز لبریشن آرمی گراؤنڈ فورسز کے کمانڈر جنرل لی چیاؤمنگ کو نشان امتیاز ملٹری سے نواز دیا۔اس حوالے سے ایوان صدر میں تقریب منعقد ہوئی جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے انہیں انعام تفویض کیا۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت ملکی سول اور فوجی قیادت موجود تھی جس کے ساتھ پاکستان آئے چینی وفد اور چینی حکام بھی موجود تھے۔تقریب کا آغاز تلاوت سے ہوا جس کے بعد شرکا کو بتایا گیا کہ چینی جنرل لی چیاؤنگ 40 برس سے فوج میں اپنے فرائض منصبی انجام دے رہے ہیں، انہوں نے خطے کے امن، پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات میں کردار ادا کرنے کی خدمات انجام دیں جس کے اعزاز میں حکومت پاکستان انہیں اس اعزاز سے نواز رہی ہے۔چینی جنرل کو اسٹیج پر آنے کی دعوت دی گئی اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان کے سینے پر تمغہ نشان امتیاز ملٹری لگایا۔