• news

وادی تیراہ: آپریشن جاری، سرغنہ سمیت 25 دہشت گرد ہلاک، 4 جوان شہید

پشاور +اسلام آباد(بیورو رپورٹ+خبر نگار خصوصی+اپنے سٹاف رپورٹر سے+نمائندہ خصوصی) خیبر پی کے کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں 7 روز سے جاری سکیورٹی فورسز کے آپریشن میںخوارج کے سرغنہ سمیت 25 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 سپاہی بھی شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج، نام نہاد لشکر اسلام اور جماعت الاحرار کے خلاف وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیا جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج اور اس کے حامیوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ 20 اگست سے جاری ان جرات مندانہ اور کامیاب آئی بی اوز کے دوران سکیورٹی فورسز نے اب تک 25 خوارجیوں کو کامیابی سے ہلاک کردیا جن میں خوارج کا سرغنہ ابوذر عرف صدام بھی شامل ہے۔ کارروائیوں میں 11 خوارج زخمی ہوئے ہیں۔ آپریشنز کے دوران، 4 بہادر سپاہیوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔ ان آپریشنز میں فتنہ الخوارج کو پہنچنے والا بھاری نقصان سکیورٹی فورسز کے عزم اور دہشت گردی کے خاتمے کے عہد کا ثبوت ہے۔ محسن نقوی نے خیبر کے علاقے تیراہ میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ اپنے پیغام میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے  فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع خیبر میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے آپریشن میں جوانوں کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک کے امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔مادرِوطن کے تحفظ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ صدر مملکت نے شہداء  کیلئے بلندی درجات اور ورثاء کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ بلاول بھٹو نے اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔ گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے بھی سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن