عارف علوی کی علی امین، ناراض رہنماؤں سے ملاقات، بیان بازی سے روک دیا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما عارف علوی نے پارٹی میں اختلافات کے معاملے پر ملاقاتیں شروع کر دیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق عارف علوی نے پشاور میں وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور اور ناراض پارٹی رہنماؤں پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی عاطف خان، جنید اکبر اور سابق صوبائی وزیر شکیل خان سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق عارف علوی نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو وزیراعلیٰ علی امین کے خلاف بیانات دینے سے روک دیا۔ عاطف خان سمیت دیگر رہنماؤں نے عارف علوی کو مخالفانہ بیانات نہ دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ذرائع کے مطابق عارف علوی نے رہنماؤں کو جلد بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی یقین دہانی کروائی۔ یاد رہے کہ شکیل خان کی صوبائی کابینہ سے برطرفی کے بعد پی ٹی آئی میں اختلافات سامنے آئے تھے، عاطف خان اور جنید اکبر نے شکیل خان کے حق میں بیان دیا تھا۔ دوسری طرف شیر علی ارباب نے بھی خیبر پی کے سے متعلق گڈ گورننس کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔