• news

ڈنمارک کاپاکستانی باکسر محمد وسیم کو یورپی ویزا دینے سے انکار 

 لاہو ر(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد وسیم کو ڈنمارک نے یورپی ویزا دینے سے انکار کردیا۔ پروفیشنل باکسر چار اکتوبر کو مالٹا میں شیڈول عالمی ٹائٹل کے مقابلہ میں شرکت سے محروم ہوگئے۔ ڈنمارک کے سفارت خانہ نے عالمی باکسر کا پاسپورٹ 40دن اپنے پاس رکھا اور پھر ویزا درخواست مسترد کرکے پاسپورٹ واپس کردیا۔محمد وسیم نے کہا کہ دو مرتبہ کا عالمی چیمپئن ہوں، ویزا مسترد کرکے کہا گیا کہ میں وہاں جاکر غائب ہو جاؤں گا۔ میں ساری دنیا میں سفر کرتا ہوں،لندن میں کوچز کیساتھ ٹریننگ کررہا تھا،عالمی مقابلے کی تیاری کے سلسلے میں ٹریننگ کیلئے قبل از وقت مالٹا پہنچنا تھا۔ 4 اکتوبر کو ورلڈ باکسنگ فیڈریشن کے بینٹم ویٹ ٹائٹل کیلئے مقابلہ طے ہے۔اپنے حریف سابلیو سیبیک کوہلو کیخلاف کامیابی کیلئے پر امید تھا۔حکومت پاکستان، وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف نوٹس لے کر ویزا دلوانے میں مدد کریں۔ ورلڈ ٹائٹل فائٹ میرے لیے بہت اہم ہے موقعہ گنوانا نہیں چاہتا۔ 36 سالہ محمد وسیم باکسنگ کی دنیا میں فالکن کے نام سے مشہور ہیں۔2018ء اور2022ء میں انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن کے عالمی چیمپئن رہے۔ورلڈ فلائی ویٹ ٹائٹل جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔

ای پیپر-دی نیشن