یوٹیلٹی سٹورز کے اکاؤنٹس منجمد، ممکنہ بندش کیخلاف ملازمین کا اسلام آباد میں دھرنا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ نوائے وقت) اسلام آباد میں یوٹیلٹی سٹورز کی ممکنہ بندش کے خلاف ملازمین کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری رہا ہے اور مظاہرین نے ڈی چوک پر دھرنا دے دیا ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز کی ممکنہ بندش کے خلاف اسلام آباد میں ملازمین کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری رہا۔ اس دوران مطالبات کی منظوری کے لیے یوٹیلٹی سٹور ہیڈ آفس کے سامنے تین دن سے موجود ملازمین ڈی چوک پہنچے اور وہاں دھرنا دے دیا۔ اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری ڈی چوک تعینات ہے۔ واٹر کینن، بکتربند گاڑیاں اور قیدی وین بھی موجود ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی ممکنہ بندش کے حکومت کے غیر منصفانہ اور غیر قانونی فیصلے کے خلاف ہر سطح پر احتجاج ہوگا۔ انہوں نے کہا یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی بندش کا فیصلہ واپس لینے تک احتجاج جاری رہے گا۔ دوسری جانب یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے اکاؤنٹ منجمند کر دیے گئے۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے جاری کردہ چیک باؤنس ہونے لگے ہیں۔ یہ اقدامات یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن بند کرنے کے سلسلہ میں کیے جا رہے ہیں۔حکومت اور یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کے درمیان ڈیڈ لاک ،بر قرارمذاکرات کسی حتمی نتیجہ تک نہ پہنچ سکے ملک بھر میں ہونے والی ہڑ تال اور اب ملازمین کے دھرنے نے حکومت کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ۔