• news

موڈیز نے ریٹنگ بہتر کر دی: درست معاشی پالیسیوں کا اعتراف: شہباز شریف

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عملدرآمد میں کسی قسم کی سست روی قبول نہیں، تمام وزراء اور متعلقہ ادارے مجوزہ منصوبوں پر پیش رفت کو تیز بنانے کیلئے اقدامات کریں، پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، معدنیات و قیمتی پتھروں اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، ان شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری سے نہ صرف ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ لاکھوں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی معیشت کی ترقی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے اقدامات پر جائزہ اجلاس بدھ کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم کے فضل و کرم سے معاشی ٹیم کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں، گزشتہ دور حکومت میں ملک کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی معیشت کو ڈیفالٹ سے بچایا، معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے، حکومت کی جانب سے قومی مفادات کو سیاسی مصلحتوں پر ترجیح دینے کی پالیسی کے مثبت اثرات اب معیشت پر نظر آنے لگے ہیں، موڈیز کی جانب سے پاکستان کو سی اے اے ٹو ریٹنگ دیئے جانا حکومت کی معاشی پالیسیوں کے درست ہونے کا بین الاقوامی اعتراف ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے معیشت اسی رفتار سے مثبت سمت میں آگے بڑھتی رہے گی، اس اہم پیشرفت اور معیشت کی مجموعی بہتر صورت حال کے حوالے سے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، دوست ممالک سے ملک کے مختلف شعبوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار حکومت کی کاروبار و سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عملدرآمد میں کسی قسم کی سست روی قبول نہیں، تمام وزراء اور متعلقہ ادارے مجوزہ منصوبوں پر پیش رفت کو تیز بنانے کیلئے اقدامات کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، معدنیات و قیمتی پتھروں اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، ان شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری سے نہ صرف ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ لاکھوں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو عالمی ریٹنگ کے ادارے موڈیز کی پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری، مختلف شعبوں میں دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے معاہدوں پر پیش رفت اور جاری منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کے تحت منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے تمام منصوبوں میں شفافیت کے عنصر کو کلیدی اہمیت دینے کے ساتھ ساتھ ان کے نفاذ کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جام کمال خان، احد خان چیمہ، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، سردار اویس خان لغاری، ڈاکٹر مصدق ملک، عبدالعلیم خان، وزراء  مملکت علی پرویز ملک، شزہ فاطمہ خواجہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمشن جہانزیب خان، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ ایک درجہ بہتر کر دی۔ موڈیز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی معیشت کا منظر نامہ مثبت ہے جس کے باعث پاکستان کی ریٹنگ Caa2 کر دی ہے۔ ریٹنگ ایجنسی کے مطابق پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورتحال پر ریٹنگ Caa2 کی گئی۔ پاکستان کی لیکوڈٹی صورتحال میں معمولی بہتری بھی ریٹنگ بہتر ہونے کا سبب ہے۔ موڈیز کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ڈیفالٹ رسک میں کمی بھی ریٹنگ بہتر ہونے کا سبب ہے۔ دوسر ی جانب پاکستانی حکام پرامید ہیں کہ آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کی ادائیگی کے لیے عالمی ادارے کی پیشگی شرائط پوری کر لی جائیں گی۔ پاکستان نے چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے قرض رول اوور کرنے کی درخواست کر رکھی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان نے سعودی عرب سے 1.2 ارب ڈالر قرض کی درخواست بھی کر رکھی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن