آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس، نئے شیڈول میں بھی پاکستان کا نام شامل نہیں
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے تاہم پاکستان کا نام اب بھی بورڈ کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کا 6 ستمبر تک کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس میں ویتنام، یوگنڈا اور ڈنمارک سمیت 7 ملکوں کا ایجنڈا شامل ہے۔ پاکستان سے متعلق آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ پیشگی شرائط پوری ہونے کے بعد بلائے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان نے آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکیج کی درخواست کر رکھی ہے اور 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کی حتمی منظوری آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں دی جانی ہے۔ پاکستانی حکام پرامید ہیں کہ ستمبر میں ہی آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر قرض کی منظوری ہو جائے گی۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق حکومت 2 ارب ڈالر کی اضافی ایکسٹرنل فنانسنگ کی شرط جلد پوری کرنے کیلئے پر امید ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب، چین اور یو اے ای سے 12 ارب ڈالر قرض رول اوور کرانے کیلئے بھی رابطے تیز کر دیئے ہیں۔