رانا ثناء کی مذاکرات کمیٹی سے ملاقات، یوٹیلٹی سٹورز ملازمین کا دھرنا ڈی چوک سے ہیڈ آفس منتقل
اسلام آباد(آئی این پی) یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے احتجاجی ملازمین نے مطالبات کے حل کیلئے حکومت کو آئندہ پیر تک مہلت دیتے ہوئے ڈی چوک سے دھرنا واپس ہیڈآفس کے سامنے منتقل کردیا ۔دھرنے کے قائدین نے اعلان کیا ہے کہ وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنااللہ کی درخواست پر چار روز کے لیے دھرنا شفٹ کر رہے ہیں اور انہوں نے یقین دلایا ہے کہ متعلقہ وفاقی وزیر پیر کو واپس آئیں گے۔ آئندہ پیر تک مطالبات نہ مانے گئے تو وہ دوبارہ ڈی چوک پر دھرنا دیں گے۔انہوں نے کہا کہ دھرنا ختم نہیں کر رہے بلکہ اپنے ہیڈ آفس منتقل کر رہے ہیں۔ قائدین کے اعلان کے بعد مظاہرین کی جانب سے ڈی چوک ڈی چوک پر نعرے بازی کی گئی۔ قبل ازیں وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے یوٹیلٹی اسٹو رز ملازمین نمائندہ مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ ملاقات کی رانا ثنا اللہ نے مذاکرتی کمیٹی سے پیر تک کا وقت مانگا تھا کیونکہ متعلقہ وزیر بھائی کے انتقال کی وجہ سے اسلام آباد میں موجود نہیں ہیں۔ دوسری جانب وزیر مملکت برائے پٹرولیم سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین بے روزگار نہیں رہیں گے، انہیں دوسرے محکموں میں ملازمت دی جائے گی۔ یک انٹرویو میں مصدق ملک نے کہا کہ وہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین کے حوالے سے دو میٹنگز میں موجود تھے جس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین کی کھپت کے حوالے سے بات ہوئی ۔انہوں نے بتایا کہ ان میٹنگز میں یہ فیصلہ ہوا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین کا نقصان نہیں ہونے دیں گے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت تاجروں سے بات کرے گی مگر تاجروں کو بھی ٹیکس دینا چاہیے۔