• news

پتہ چلتا ہے بندہ یہاں لاپتہ لیکن افغانستان بیٹھا ہوا ہے: جسٹس وقاص

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے اڈیالہ جیل راولپنڈی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کی حراست کے خلاف دائر پٹیشن کی سماعت کی سی پی او راولپنڈی کی جانب سے مزید مہلت کی استدعا پر سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے محمد اکرم کی فیملی کی حفاظت کو یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ہر کسی نے اپنا کردار ادا کرنا ہے کیونکہ سب اللہ تعالیٰ کو جوابدہ ہیں، لاپتہ افراد کا معاملہ کافی الارمنگ ہو چکا ہے۔ پتہ چلتا ہے بندہ یہاں مسنگ ہے لیکن افغانستان بیٹھا ہوا ہے۔ عدالت نے سی پی او سے استفسار کیا کہ محمد اکرم کی بازیابی کے حوالے سے کوئی سراغ ملا جس پر سی پی او نے بتایا کہ محمد اکرم کی بازیابی کے حوالے سے کام کر رہے ہیں تاہم سی پی او نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ لاپتہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کی بازیابی کے لئے پولیس کوشش کر رہی ہے جس کے لئے مزید مہلت درکار ہے۔ اس موقع پر درخواست گزار کی وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جمعرات کی صبح بھی 25 افراد مختلف اداروں کے یونیفارم میں گھر میں داخل ہوئے جنہوں نے اڈیالہ جیل کے اندر سرکاری رہائشگاہ کی تلاشی لی، اس طرح میری موکلہ اور بچوں کو ہراساں کیا گیا جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ جو الزام لگا رہی ہیں یہ کافی سیریس ہے۔ عدالت نے سی پی او کو حکم دیا کہ محمد اکرم کی فیملی کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور اس معاملے کی مکمل تحقیقات بھی کی جائیں۔ سی پی او نے محمد اکرم کی بازیابی کے لئے مزید 14 روز کی مہلت مانگ لی۔

ای پیپر-دی نیشن