• news

اگلی گرمیوں میں بجلی بل کے ریلیف کیلئے کام ابھی سے شروع کر دیا: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 14ویں اجلاس میں پنجاب اور اسلام آبادکے صارفین کیلئے بجلی کے بلوں میں ریلیف کی منظوری دے دی گئی۔  کابینہ ارکان نے عوام کو ریلیف دینے پر وزیراعلی مریم نوازشریف، نواز شریف کے ویژن اور ریلیف میں معاونت پر وزیراعظم محمد شہبازشریف کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 46ارب روپے سے عوام کو بجلی کے بل میں ریلیف دینے کا ویژن محمد نوازشریف کا ہے، کریڈٹ ان کو ہی ملنا چاہیے۔  شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انہوں نے ریلیف کی مد میں بہت مدد کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جلد سولر پینل پروگرام شروع ہوجائے گا، اگلی گرمیوں میں بجلی کے بل میں ریلیف دینے کیلئے کام ابھی سے شروع کردیا ہے۔ الحمد للہ! عوام کو بجلی کے بل میں ریلیف دینے کا وعدہ پورا کردیا۔ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیشہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کی توفیق دی۔ بجلی کے بلوں میں بہت بڑا ریلیف ہے، ایسا ریلیف پہلے کبھی نہیں دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہر بل پر لکھا ہے کہ آپ کا اصل بل یہ تھا اور حکومت پنجاب کی جانب سے ریلیف کے بعد اتنا کم ہوگیا ہے۔ 46ارب روپے سے عوام کو بجلی کے بل میں ریلیف کی تشہیر دوسروں نے کی جس پر ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ عوام کو بجلی کے بل میں ریلیف پر مخالفین کو ہونے والی پریشانی سے حیرانی ہوئی۔ بلوں میں ریلیف دینے پر پریس کانفرنس کی گئیں، مقابلہ بازی کی گئی لیکن شکریہ ہمارا پراجیکٹ عوام تک پہنچایا۔ بجلی میں ریلیف لوگوں پر احسان نہیں، ان کا حق ہے۔ کام کرنے اور باتیں کرنے والوں میں بہت واضح فرق ہوتا ہے۔  عوام کے ساتھ ہیں اور عوام کا ساتھ نبھائیں گے۔ پنجاب کے ہر شہری کے مسائل کا حل حکومت کی ذمہ داری ہے۔ بجلی کے بلوں میں ریلیف فوری اقدام ہے، پائیدا ر ریلیف کے لئے سولر پینل پراجیکٹ لارہے ہیں۔  صوبائی وزراء  نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی مر یم نوازشریف نے عوام کی معاشی مشکلات کے پیش نظر تاریخ ساز اقدام کیا ہے۔ کابینہ نے پنجاب کی پہلی جامع کلائمیٹ رزلینٹ پنجاب ویژن اینڈ ایکشن پلان 2024ء کی منظوری دے دی۔ کلائمیٹ رزلینٹ پنجاب ویژن اینڈ ایکشن پلان قومی و بین الاقوامی معاہدو ں کے عین مطابق ہے۔  مریم نوازشریف نے ای ٹینڈرنگ کے ذریعے 10ارب روپے کی بچت پر منسٹر تعمیرات و مواصلات صہیب ملک اور سیکرٹری سہیل اشرف کو شاباش دی اور کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں شفافیت کی ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔  وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہر ادارے میں کرپشن ہے، جس کا خاتمہ ہماری ذمہ داری ہے۔ کرپشن گھاٹے کا سودا ہے، کرپشن کا پیسہ جیسے آتا ہے ویسے ہی واپس چلا جاتا ہے۔ شفافیت مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔ صوبائی کابینہ نے پنجاب زکوٰۃ و عشر کونسل کی تشکیل کی، پنجاب بیت المال ایکٹ 1991کے تحت موجودہ پنجاب بیت المال کونسل تحلیل کرنے اور  نئی بیت المال کونسل قائم، لاہور میں آنکھوں کے علاج معالجہ کے لئے الشفا ہسپتال کو سرکاری اراضی لیز پر دینے کی منظوری  دی گئی۔  دوسری جانب مریم نواز نے ’’بیک ٹو سکول‘‘ کمپین لانچ کردی، گورنمنٹ کنیئرڈ گرلز ہائی سکول ایمپرس روڈ میں کمسن بچی کی انرولمنٹ رجسٹریشن کمپین کا باقاعدہ آغاز کر دیا اور سمارٹ کلاس روم پراجیکٹ کا افتتاح بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ  نے طالبات سے پودے لگوا کر شجرکاری کا آغاز کیا۔  کمسن بچی کو گود میں اٹھا کر پیار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ننھی طالبات کو سکول بیگ کا گفٹ بھی پیش کیا اور ننھی بچی کو خود سکول بیگ پہنایا۔ سکول بیگ کے ساتھ یونیسف کی طرف سے ایرلی چائلڈ ہڈ کٹ پیش کی گئیں۔ گورنمنٹ کنیئرڈ گرلز ہائی سکول ایمپرس روڈ میں آمد پر وزیر اعلی مریم نوازشریف کو دیکھ کر طالبات کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ بچیوں سے ملنے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف خود کلاس روم میں پہنچ گئیں اور ہر کلاس روم میں جاکر طالبات سے بات چیت کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔ انہوں نے فزکس لیب کا بھی دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف بچیوں کے ساتھ فزکس لیب میں بیٹھ گئیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے بچیوں کی خواہش پر ان کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا۔ طالبات کا کہنا تھا کہ چھٹیوں کے بعد آنے پر دیکھا تو ہمارا سکول تو بہت اچھا ہوگیا ہے، سکول میں آنے پر خوشگوار حیرت ہوئی۔ وزیر اعلیٰ نے بچیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خوب پڑھیں لکھیں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ انہوں نے طالبات سے پسندید ہ مضمون کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ وزیر علیٰ مریم نوازشریف نے طالبات سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے ہر سکول کو بہترین بنانا چاہتی ہوں اور بنا کر دم لوں گی۔ پنجاب کے ہر سرکاری سکول کو پرائیویٹ سے بھی بہترین بنانا چاہتے ہیں۔ مریم نوازشریف نے سمارٹ کلاس روم کے ڈیجیٹل بورڈ پر بچیوں کے لئے آئی لو یو آل کا میسج لکھا اور کامیابی کی دعا کی۔

ای پیپر-دی نیشن