ستمبر میں مہنگائی مزید کم ہونے کی توقع، 9 سے 10 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان: وزارت خزانہ
لاہور+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ اگست میں مہنگائی 9.5 سے 10.5 فیصد کے درمیان رہی جبکہ ستمبر میں مہنگائی مزید کم ہو کر 9 سے 10 فیصد کے درمیان متوقع ہے۔ وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی۔ جولائی میں مہنگائی کی شرح 11.1 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برآمدات‘ درآمدات اور ترسیلات زر میں اضافے کا رجحان ہے جبکہ اگست میں برآمدات 2.5 ارب سے 3.2 ارب ڈالرز کے درمیان متوقع ہیں۔ اگست میں درآمدات کا حجم ساڑھے 4 سے 5 ارب ڈالرز رہا۔ جبکہ اگست میں ہی ترسیلات زر 2.6 ارب سے 3.3 ارب ڈالرز رہیں۔ وزارت خزانہ کے مطابق بیرونی شعبے میں استحکام سے روپیہ مستحکم ہوا۔ ملک میں معاشی سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں اور مالی سال 2025ء کا آغاز مثبت اشاریوں سے ہوا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جاری کھاتوں کا خسارہ بہتر ہوا۔ ایف بی آر ٹیکس وصولیاں بھی ہدف سے زائد رہیں۔ جبکہ زرعی قرضوں کے اجراء میں 24.8 فیصد اضافہ ہوا۔