• news

 جیل انتظامیہ کی عمران خان سے سہولتیں واپس لینے کی خبروں کی تردید 

راولپنڈی (آئی این پی )  اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں سہولیات واپس لینے کی خبروں کی تردید کر دی۔ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو جیل مینول کے مطابق تمام سہولتیں دستیاب ہیں، انہیں 2 مشقتی دیئے گئے ہیں جو دن کے اوقات میں دستیاب ہوتے ہیں، عمران خان کی سکیورٹی اور صحت کا بھی خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ایک انگریزی روزنامہ روزانہ دیا جاتا ہے، انہیں ورزش کیلئے مشین اور واک کیلئے جگہ بھی دستیاب ہے۔ جیل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو کھانے کیلئے علیحدہ کچن دیا گیا ہے، ان کی سکیورٹی کیلئے عملہ ہر وقت موجود رہتا ہے، انہیں پڑھنے کیلئے کتابیں بھی دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کے سیل میں گٹر کھلا ہونے کی خبروں میں صداقت نہیں، بشری بی بی کے سیل میں چوہوں کی موجودگی کی خبروں میں بھی صداقت نہیں۔ جیل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق بطور سابق وزیراعظم جیل مینول کے تحت عمران خان کو تمام سہولیات دستیاب ہیں، انہیں ہفتے میں 2 دفعہ فیملی، وکلا اور سیاسی ملاقاتوں کی اجازت ہے، جیل میں سماعت کے موقع پر بھی وہ ملاقاتیں کرتے ہیں، انہیں ٹیلی ویژن کی سہولت بھی دستیاب ہے۔

ای پیپر-دی نیشن