رانا ثناء سے ملاقات ہوئی، کسی مسئلے کا حل مذاکرات کے بغیر ممکن نہیں: محمود اچکزئی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ کوئی مسئلہ مذاکرات کے بغیر حل نہیں ہو سکتا، اگر کوئی مذاکرات کے لیے تیار ہے تو اچھی بات ہے۔ صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے اس بات کی تصدیق کی کہ رانا ثناء اللہ سے ان کی پارلیمنٹ میں ملاقات ہوئی۔ محمود خان اچکزئی نے مزید کہا کہ شہباز شریف پارلیمنٹ میں اسد قیصر، عمر ایوب اور بیرسٹر گوہر سے ملے، پی ٹی آئی شہباز شریف کو جواب دیتی تو مذاکرات اسی وقت شروع ہو جاتے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالا دستی سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔ اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تو پوری پارلیمنٹ کھڑی ہو گئی، ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایسا الائنس بنا ہے جو ملک میں آئین کی بالادستی چاہتا ہے۔