مقبوضہ کشمیر: علی گیلانی کی تیسری برسی آج، حقیر مفادات کیلئے ہرگز ظالم کا ساتھ نہ دیں: حریت کانفرنس
سرینگر+اسلام آباد (این این آئی+ کے پی آئی+نمائندہ خصوصی)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹرچسپاں کیے گئے جن میں لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بزرگ کشمیری حریت قائد سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے (آج) یکم ستمبر کو سرینگر حیدر پورہ ان کی قبر پر بھر پور حاضری دی اور ان سمیت دیگر کشمیری شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کریں۔جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ کشمیری گزشتہ 77برس سے بھارتی ظلم وستم کا شکار ہیں ، ہم نے بے انتہا قربانیاں دی ہیں اور اپنا سب کچھ لٹا دیا ہے لہذا ہماری عظیم قربانیوں کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے حقیرمفادات کی خاطرہرگزظالم کاساتھ نہ دیں۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے افسوس ظاہر کیا کہ ہماری صفوں میں کچھ ایسے لوگ موجود ہیں جو ظالموں کا ساتھ دینے کیلئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ابن الوقت لوگ ظالم کے آلہ کار بن گئے ہیں اور اپنی ہی قوم کے خلاف استعمال ہو رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلی محبوبہ مفتی کی صاحبزادی و مفتی خاندان سے تعلق رکھنے والی تیسری نسل کی سیاست دان التجا مفتی نے کہا ہے کہ پی ڈی پی جموں و کشمیر میں کنگ میکر کے طور پر ابھرے گی کیونکہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کسی بھی پارٹی کو اپنے بل بوتے پر اکثریت حاصل نہیں ہوگی۔ "پراعتماد ہوں کہ پی ڈی پی کسی بھی صورت حال میں کنگ میکر ثابت ہوگی۔ایک بات واضح ہے کہ کسی بھی پارٹی کو اکثریت نہیں ملے گی۔صدرِ آصف علی زرداری نے سید علی شاہ گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ ہم عظیم کشمیری رہنما، سید علی شاہ گیلانی کی تیسری برسی منا رہے ہیں۔ ہم غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کے لیے اْن کی جراتمندانہ جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ علی شاہ گیلانی ایک عظیم رہنما‘ قیدو بند سمیت اْن کی ذاتی مشکلات ان کے عزم کو کمزور نہ کر سکیں۔ آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ سید علی شاہ گیلانی اور بے شمار دیگر افراد کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔ بلاول نے کہا علی گیلانی بھارتی بربریت کے سامنے آہنی دیوار بن کر کھڑے رہے۔ آصف زرداری نے بابا بلھے شاہؒ کے 267 ویں عرس پر پیغام میں کہا بلھے شاہؒ نے مذاہب‘ فرقوں سے بالاتر ہو کر محبت اور امن کا پیغام دیا۔