• news

پنجابیوں کو بلوچ نہیں دہشت گردوں نے مارا، یہ ’را‘ فنڈڈ لشکر، ملک کیخلاف سازش ہے: سرفراز بگٹی

لاہور(نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ مقدس پاکستانیوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا پنجاب کے معصوم شہریوں کو بسوں سے اُتارکر شہید کیا گیا، کسی بلوچ نے نہیں دہشت گردوں نے پاکستانی شہید کیے، دہشت گردوں کا کوئی مہذب نہیں، بلوچ روایات میں بچوں اور خواتین کا احترام کیا جاتا ہے۔ ریاست مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گردوں سکیورٹی رعایت نہیں ہو گی۔ بی ایل اے نے9 مقامات پرحملے کیے تھے، شہداء کے لواحقین کو 20 لاکھ دیں گے، گاڑیوں کے نقصانات بھی حکومت بلوچستان پورا کرے گی۔ یہ ناراض بلوچ نہیں ان کو دہشت گرد کہا جائے، بلوچستان میں ہر صورت حکومت کی رٹ برقرار رکھیں گے۔ دکھ کی گھڑی میں پنجاب کے بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہوں، دکھ کا اظہار کرنے کے لیے لاہور آیا ہوں۔ انشاء اللہ! اس مقدس خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو بھی کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ پہلے دن سے کہہ رہا ہوں یہ ’را‘ فنڈڈ لشکر ہے، یہ پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔ مزدور ایک سوفٹ ٹارگٹ ہے۔ دہشت گردوں کے پاس ہارڈ ٹارگٹ کی کیپسٹی نہیں ہے، دہشت گرد صرف سوفٹ ٹارگٹ کو نشانہ بناتے ہیں۔ اختر مینگل اپیکس کمیٹی کے ممبر نہیں، اپیکس کمیٹی میں اختر مینگل کو نہیں بلایا جا سکتا۔ سی پیک پاکستان کا اکنامک فیوچر ہے، دہشت گرد پاکستان میں عدم استحکام چاہتے ہیں۔ بلوچستان میں کوئی سیاسی مسئلہ نہیں، آئین کے اندر رہ کر کسی سے بھی مذاکرات ہو سکتے ہیں، جو معصوم لوگوں کو شہید کرے کیا ان سے مذاکرات کروں؟ کسی جتھے کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔ بلوچستان میں کوئی آرمی آپریشن نہیں ہو رہا، ایف سی، پولیس، لیویز اپنا کام کر رہی ہے۔ سوات طرز کے آپریشن کی ضرورت ہو گی تو ضرور کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب نے بلوچستان کو اپنا شیئر دیا، کسی پنجابی نہیں پاکستانیوں کا خون بہا ہے، یہ دہشت گرد بلوچ، پشتونوں کو بھی اسی طرح مار رہے ہیں۔ ہم سب پہلے پاکستانی پھرکوئی سرائیکی، بلوچی، پنجابی ہے۔ لاہور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہید کیپٹن محمد علی قریشی کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی شہید کیپٹن محمد علی قریشی کے گھر پہنچے، اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ہمراہ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن