• news

مہنگائی میں مزید کمی کی پیشگوئی خوش آئند: وزیراعظم

اسلام آباد+شیخوپورہ+فیروز والہ+شرقپور+مرید کے (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار خصوصی+نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگاران) وزیراعظم شہباز شریف نے افراط زر کی شرح میں کمی اور موڈیز کی ریٹنگ میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی ماہرین کی ستمبر میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی کی پیش گوئی خوش آئند ہے۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے افراط زر کی شرح اور پاکستان ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق مہنگائی کے اشاریوں میں کمی پر اظہار اطمینان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جولائی 2024ء میں کنزیومر پرائس انڈیکس میں ریکارڈ کمی ہوئی اور افراط زر کی شرح 11 فیصد پر آگئی اور معاشی ماہرین کی جانب سے ستمبر میں افراط زر کی شرح میں مزید کمی کی پیش گوئی خوش آئند ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فچ کے بعد حال ہی میں بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کیا گیا ہے جو عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے پاکستان کے مثبت معاشی اشاریوں کا اعتراف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت معاشی اصلاحات کی پالیسی پر گامزن ہے، رائٹ سائزنگ پالیسی پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے جس کی نگرانی میں خود کر رہا ہوں، اس کے معیشت پر مثبت اثرات جلد نمایاں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کی جانب سے بجلی صارفین کو بلوں کی مد میں ایک بڑا ریلیف دیا گیا اور آج سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت تمام فوائد عام آدمی تک منتقل کرنے پر یقین رکھتی ہے، حکومتی معاشی اور مالیاتی ٹیم کی محنت سے معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات کا احساس ہے، حکومت عوام کی مشکلات اور مسائل کے حل کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کے گھر پہنچے اور ان کے بھائی و رکن صوبائی اسمبلی رانا افضال حسین کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے مرحوم کے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے  رانا افضال حسین کی سیاسی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن