پنڈی ٹیسٹ:، بارش نے میچ بچا بھی لیا تو بنگلہ دیشی ٹیم سیریز جیت جائیگی
لاہور+اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر+خبر نگار) راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن کے کھیل کے اختتام تک بنگلادیش نے 42 رنز بنالیے ہیں اور اسے پاکستان کو پہلی بار ٹیسٹ میں وائٹ واش کرنے کیلئے مزید 143 رنز درکار ہیں۔ راولپنڈی میں کھیلے جارہے۔ دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن موسم ابر آلود ہونے کے سبب میچ روک دیا گیا۔ راولپنڈی میں آج دوپہر تک بارش کا امکان ہے۔ اگر بارش نے میچ بچابھی لیا تو پہلا میچ جیتی ہوئی بنگلا دیشی ٹیم سیریز جیت جائیگی۔ سٹیڈیم میں کم روشنی کی وجہ سے چائے کے وقفے کے بعد کے سیشن کا کھیل روک دیا گیا۔ 185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگرز نے کھیل کا شاندار آغاز کیا اور بغیر کسی نقصان کے 42 رنز بنالیے۔ اس سے قبل پاکستان کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم 172 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن کا آغاز پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان کیساتھ 21 رنز کی برتری سے کیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق 3، خرم شہزاد صفر، صائم ایوب 20، شان مسعود 28 ،بابر اعظم 11 ، سعود شکیل 2، محمد رضوان 43، محمد علی صفر، ابرار احمد دو اور میر حمزہ 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سلمان علی آغا 47 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے 5 ، ناہید رانا نے 4 اور تسکین احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔