بے بنیاد مقدمہ بازی سے عدالتوں کا وقت ضائع ، زیرالتوا مقدمات بڑھ رہے ہیں چیف جسٹس
اسلا م آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ میں جائیداد کی تقسیم سے متعلق کیس پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بے بنیاد مقدمہ بازی پر اہم ریمارکس دیتے ہوئے کہا 75سالہ بوڑھے شخص کے مرنے کے بعد زمین تنازعہ پر مقدمہ بازی کی گئی، خدا کا خوف کریں، ایک 75 سال کا بوڑھا شخص اپنے دو بیٹوں کے بجائے زمین کسی اور کو تحفے میں کیوں دے گا، ہمیں پتہ ہے مقدمہ بازی کیسے ہوتی ہے، بدقسمتی سے ایسے بے بنیاد اور من گھڑت مقدمہ بازی کے باعث عدالتوں کا وقت ضائع ہوتا ہے، بے بنیاد مقدمہ بازی کے سبب عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ عدالت نے 75 سالہ مرحوم کے دو بیٹوں کو جائیداد سے محروم رکھنے کیخلاف اپیل خارج کردی۔ واضح رہے 2006 میں جائیداد کے تنازعہ پر دعویٰ دائر کیا گیا تھا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔