• news

مسلم لیگ ن‘ پی پی اجلاس‘ پنجاب کی ترقی کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں ن لیگ کی نمائندگی سینئر وزیر مریم اورنگزیب جبکہ پیپلز پارٹی کی طرف سے سید حسن مرتضی، ندیم افضل چن اور علی حیدر گیلانی شریک ہوئے۔ دونوں جماعتوں کا صوبہ پنجاب کی مجموعی ترقی اور عوامی ریلیف کے لئے سیاسی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہوا، دونوں جماعتوں کے راہنماؤں نے باہمی تعاون کو بہتر بنانے کی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ پیپلز پارٹی کے راہنماؤں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے صوبے اور عوام کی ترقی کے لئے اقدامات کو سراہا، پی پی پی راہنماؤں کی جانب سے وزیر اعلی پنجاب کے صوبے کی ترقی کے لئے جاری پروگراموں کی حمایت کی گئی اور وزیر اعلی پنجاب کی کسانوں، زراعت، نوجوانوں سمیت دیگر طبقات کی بہتری کے لئے سکیموں میں مل کر آگے بڑھنے پر اتفاق ہوا۔ اجلاس میں طے پایا کہ حلقوں میں ترقیاتی اقدامات، نوجوانوں کی ہنرمندی، سولر سسٹمز کی عوام کو فراہمی میں اشتراک عمل سے آگے بڑھا جائے گا۔ صوبہ میں موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے، امن و امان یقینی بنانے، جدید آئی ٹی نظام کے فروغ پر موثر عمل درآمد کے لئے تعاون جاری رہے گا۔ مریم اورنگزیب نے وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے وفد کی آمد اور سیاسی تعاون جاری رکھنے پر پی پی پی  قیادت اور راہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت تمام اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر کاربند ہیں۔ پاکستان اور عوام کے مفادات کے لئے تمام اتحادی جماعتوں کے اتحاد اور تعاون کے جذبے کو سراہتے ہیں، حسن مرتضی نے کہا کہ اختلاف رائے ہمارا بنیادی حق ہے، مل کر عوامی ایشوز کو حل کرنے پر اتفاق رائے کرتے ہیں۔ علی حیدر گیلانی نے کہا کہ عوامی ریلیف کے فارمولے پر اتفاق کرنے پر ہم وزیراعلی مریم نواز اور پی ایم۔ایل این کی کمیٹی کے مشکور ہیں۔ تمام رکاوٹوں کو دور کر کے آگے بڑھنے میں ہی اتحادی حکومت کے ثمرات عوام کو ملیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن