کابینہ اجلاس: گوادر، ترکمانستان کی بندرگاہوں کے مابین معاہدے سمیت 10 نکاتی ایجنڈے کی منظوری
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی کابینہ نے پاکستان اور 6 ممالک پر مشتمل تجارتی بلاک (مرکوسر) کے درمیان تجارتی فریم ورک معاہدے پر دستخط کی توثیق کر دی۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر صنعت، پیداوار و قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین کے بھائی و رکن صوبائی اسمبلی مرحوم رانا افضال حسین کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر مرکوسر جوکہ جنوبی امریکہ میں موجود ممالک جیسا کہ برازیل، ارجنٹینا، یوروگوائے اور پیراگوئے پر مشتمل ایک تجارتی بلاک ہے اور جسے عام زبان میں سدرن کامن مارکیٹ کے نام سے پکارا جاتا ہے، اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان تجارتی فریم ورک معاہدے پر بعد از وقوع/ دستخط کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے مؤخر الذکر تجارتی فریم ورک معاہدے کی توثیق بھی کردی۔ اس حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی امریکہ کی مارکیٹ ممکنہ طور پر پاکستانی مصنوعات کی لئے اچھی مارکیٹ ثابت ہو سکتی ہے لیکن اب تک پاکستانی معیشت اس مارکیٹ کے ثمرات حاصل نہیں کر سکی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ معیشت سے متعلق تمام معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں جن پر عرصے سے کوئی کام نہیں ہوا ان پر تیز رفتاری سے کام کیا جائے۔ وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ امور کی سفارش پر البانیہ کی وزارت برائے یورپ اور خارجہ امور اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کی وزارت خارجہ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دیدی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ امور کی سفارش پرکانفرنس آن انٹریکشن اینڈ کانفیڈینس بلڈنگ میژرز ان ایشیا2010 ء کے سیکرٹریٹ، اس کے عملے اور رکن ممالک کے نمائندگان کے استحقاق اور استثنیٰ کے کنونشن کی توثیق کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی سفارش پر وزارت کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری سید جنید اخلاق کی بطور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں تعیناتی کی مدت میں ریگولر افسر کی تعیناتی تک توسیع کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی کے مسودوں کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی بھی منظوری دے دی۔ یہ کمیٹی تمام سٹیک ہولڈرز سے اس حوالے سے مشاورت کرے گی اور ایک ماہ تک اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 26 اگست 2024 ء کو منعقد ہونے والے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔ علاوہ ازیں نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ نے گوادر اور ترکمان باشی بندرگاہوں کے معاہدے سمیت 10 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دے دی۔ پاکستان، یورپ اور البانیہ کی وزارت خارجہ کے مابین سیاسی روابط اور مذاکرات کے ایم او یو طے کرنے کی منظوری دی گئی۔ ورچوئل یونیورسٹی کے لیے اسلام آباد میں زمین کی خریداری، مذہبی رواداری سے متعلق سٹریٹجی 2024ء کی منظوری دی۔