• news

نوجوان پاکستان چھوڑنے کی بجائے ترقی میں کردار ادا کریں: پوزیشن ہولڈرز 

لاہور (رفیعہ ناہید اکرام) لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام انٹر کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کے پوزیشن ہولڈرز نے کہا ہے کہ پاکستان قدرت کا عظیم تحفہ ہے ، نوجوان اس کی قدر کریں اور پاک وطن کو چھوڑ کر دیار غیر جانے کے منصوبے بنانے کی بجائے اپنے ملک میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں اور وطن کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کریں، دوسری جانب حکومت کو بھی نوجوانوں پر فوکس کرنا ہوگا تاکہ وہ روشن مستقبل کے خواب کی تکمیل کرسکیں۔ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو میں مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ ردا فاطمہ نے کہا کہ اللہ کا کرم ہے کہ اس نے مجھے اس مقام پر پہنچایا مگر میری کامیابی صرف میری نہیں بلکہ یہ میرے والدین اور اساتذہ کی بھی کامیابی ہے،  ڈاکٹر بن کر ملک و قوم کی خدمت کروں گی اور اپنی سیٹ کو ضائع نہیںہونے دوں گی۔ پری میڈیکل گروپ میں لڑکیوں میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ زنیرہ زینب نے کہاکہ میں میڈیکل کی دنیا میں اپنا نام بنانا چاہتی ہوں۔ پری انجینئرنگ گروپ میں لڑکیوں میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی دانش ہائر سیکنڈری سکول کی طالبہ عمارہ احمر نے کہاکہ  تعلیمی نظام کی بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جنرل سائنس گروپ میں لڑکوں میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے سعد بن افتخار نے کہاکہ کمپیوٹر سائنسز میں نام بنانا چاہتا ہوں۔ پری انجینئرنگ گروپ میں لڑکوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے محمد حسن نواز نے کہا کہ میں نے  بہت محنت کی میں سی ایس ایس کرنا چاہتا ہوں۔ 

ای پیپر-دی نیشن