لاپتہ شہری کیس، آئی ایس آئی کو فریق بنایا جائے: اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتہ شہری کی بازیابی کی درخواست میں آئی ایس آئی کو فریق بنانے کا حکم دیتے ہوئے سیکٹر کمانڈر آئی ایس آئی کو آئی جی اسلام آباد کی معاونت کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ جسٹس بابر ستار نے آئی جی اسلام آباد کو مغوی کا فون نمبر اور گاڑی ٹریس کرانے کی ہدایت بھی کی۔ درخواست گزار نے کہا کہ گھر کے باہر گاڑیوں میں لوگ آئے تھے، گھر میں گھس کر تلاشی لی گئی۔ میں نے وردی والے افراد سے کہا کہ میں پاکستان کی خدمت کر رہا ہوں آپ میرے گھر کیوں آئے؟ میرے ساتھ میرے گھر سے نکل کر میرے انسٹی ٹیوٹ میں گئے وہاں بیٹھ گئے۔ انسٹیٹیوٹ میں بیٹھ کر انہوں نے کیمرہ بند کرنے کا کہا، میرے سوال پر بتایا گیا کہ آپ یہ رہنے دیں کہ ہم کہاں سے ہیں۔ درخواست گزار نے بتایا کہ مجھے کہا گیا کہ آپ کے بیٹے کے آپ کے عزیز سے رابطے ہیں جو مبینہ کالعدم تنظیم سے منسلک ہے، محمد فیضان کی والد کمرہ عدالت میں آبدیدہ ہوگئیں اور کہا کہ دو ماہ گزر گئے میرے بچے کو لیکر گئے ابھی تک واپس نہیں کیا، میں نے ان سے رابطہ کیا، ان کے دفاتر کے چکر لگائے مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ نے ان سے رابطہ کیسے کیا؟ درخواست گزار نے بتایا کہ پہلے مجھے unknown نمبر سے کال آئی اور میرے بیٹے کا واٹس ایپ بھی آن تھا، وہ میرے اور گھر کے تمام لوگوں کی ڈیوائسز لے گئے، کچھ فوٹیجز ہمارے پاس ہیں جس میں ایک کوئٹہ نمبر کی گاڑی نظر آرہی ہے، ایک ڈالا اور کچھ اور پرائیویٹ گاڑیاں تھی جو میرے گھر تو رہیں، عدالت نے مغوی کو بازیاب کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت جمعرات تک ملتوی کردی۔