9 مئی مقدمات کا ممکنہ فوجی ٹرائل رکوانے کیلئے عمران کی درخواست پر اعتراض عائد
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے 9 مئی کے مقدمات میں ممکنہ فوجی ٹرائل رکوانے کیلئے تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی درخواست پر اعتراضات لگا دیئے۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے درخواست پر اعتراضات عائد کیے گئے ہیں کہ کسی مخصوص ایف آئی آر کا حوالہ دیے بغیر عمومی ریلیف کیسے مانگا جا سکتا ہے؟۔ درخواست کے ساتھ کوئی آرڈر یا دستاویز نہیں لگائی گئی۔ اعتراض میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے مقدمات پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست کیسے دائر ہو سکتی ہے؟۔ اور آخری اعتراض یہ کہ ملٹری کورٹس کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیرالتوا ہوتے ہوئے ہائیکورٹ میں درخواست کیسے دائر ہو سکتی ہے؟۔