• news

اورنج لائن میٹرو ریل کے وفد کا ’’نوائے وقت، دی نیشن‘‘  کے دفاتر کا دورہ، ملکر چلنے پر اتفاق

 لاہور (خاور عباس سندھو، سپیشل کارسپانڈنٹ) لاہور اورنج لائن میٹرو ریل کی انتظامیہ کے وفد نے ڈپٹی جنرل منیجر آپریشن مسٹر ڈو ڈونگشیان کی قیادت میں نوائے وقت اور دی نیشن دفاتر کا وزٹ اور رمیزہ مجید نظامی، منیجنگ ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹو افسر نوائے وقت گروپ کی قیادت میں تمام شعبوں کے سربراہوں سے ملاقات کی۔ دونوں اطراف کی قیادت نے باہمی تعاون اور پاک چین دوستی کے فروغ سمیت مستقبل میں مل کر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا۔ اورنج لائن میٹرو ریل مینجمنٹ کی جانب سے کسی بھی میڈیا آرگنائزیشن کا یہ پہلا دورہ تھا۔ ایم ڈی رمیزہ مجید نظامی نے وفد کو خوش آمدید کہا اور لاہور میں ٹرانسپورٹ سسٹم کی بہتری اور شہریوں کو سفری سہولیات دینے میں چینی پراجیکٹ کی تعریف کی۔ دریں اثناء نوائے وقت گروپ کے چیف آپریٹنگ افسر لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری اور سپیشل کارسپانڈنٹ خاور عباس سندھو نے اورنج لائن وفد کا استقبال کیا۔ لاہور میٹرو اورنج لائن مینجمنٹ کے وفد میں ڈپٹی جنرل منیجر ایڈمن ہاج محمد، منیجر سی ایم طاہر مجید، طہٰ خان عزیری پبلک ریلیشن ایگزیکٹو، ایگزیکٹو سی ایم حفصہ حنیف، چائنیز کوآرڈینیشن ایگزیکٹو مس رمشا بٹ، پبلک ریلیشن آفیسر صبور اور کوآرڈینیشن آفیسر سیدہ مسکان جبکہ نوائے وقت گروپ کی جانب سے ایڈیٹوریل انچارج سعید آسی، چیف نیوز ایڈیٹر دلاور چودھری، منیجر ہیومین ریسورسز چودھری شفیق سلطان، ہیڈ آئی ٹی قیصر ندیم، چیف رپورٹر ندیم بسرا، ہیڈ آف فنانس اینڈ آپریشنز شعیب اسلم، سپیشل کارسپانڈنٹ فیصل ادریس بٹ موجود تھے۔  دونوں اداروں نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (BRI)، چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) اور اورنج لائن میٹرو ریل منصوبے کے تناظر میں بہترین نتائج اور عوام کو پہنچنے والے ثمرات پر بات چیت کی۔ ایم ڈی رمیزہ مجید نظامی نے کہا کہ وہ عام شہری کی طرح اورنج لائن ریل کا سفر کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے اورنج لائن انتظامیہ کو تجاویز دیں اور بتایا کہ چین نے پاکستان میں سی پیک کے تحت عوام کو بہت فوائد پہنچائے ہیں، خاص کر اورنج لائن کی سفری سہولیات سے شہری مستفید ہو رہے ہیں۔ اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کا خاص طور پر ذکر ہوا جن کے بطور وزیراعلی پنجاب کے دور میں یہ پراجیکٹ شروع کیا گیا جو آج لاہوریوں کے لئے سستے سفر کا بڑا جدید ذریعہ ہے۔ ملاقات میں پاکستان میں BRI اور CPEC کی اہمیت پر بات چیت کی گئی، چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کی علامت ایڈوانس ٹیکنالوجی کی منتقلی پر بات چیت کی گئی جبکہ دونوں اطراف سے خیالات کے تبادلے میں اورنج لائن اور نوائے وقت و دی نیشن کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور مشترکہ اہداف پر روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر رمیزہ مجید نظامی نے اورنج لائن کی انتظامیہ کی ٹیم کے ساتھ اپنے خیالات اور نقطہ نظر کا اظہار کیا۔ اور اورنج لائن جیسے بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر رائے عامہ کی تشکیل میں میڈیا کے کردار کے بارے میں روشنی ڈالی۔ چینی وفد کے سربراہ مسٹر ڈو نے کہا کہ یہاں ماحول بڑا پرامن اور پرسکون ہے۔ انہیں نوائے وقت گروپ کے ساتھ کوآرڈینیشن پر بڑا فخر ہوگا۔ جس پرکرنل سید احمد ندیم قادری نے کہا کہ ہمارے ادارے میں فیملی جیسا ماحول ہے اور ہم یہاں ایک فیملی کی طرح کام کرتے ہیں اور ہماری ایک پراڈکٹ کا نام بھی فیملی یعنی ہفت روزہ فیملی ہے۔ کرنل ندیم قادری نے تجویز دی کہ لینگوئج بیریئر ختم کرنے کے لئے چینی زبان سکھانے کے سنٹرز کی تعداد میں خاطرخواہ اضافہ کرنا ہو گا۔ پاکستان میں جہاں جہاں چینی منصوبے ہیں وہاں وہاں چینی زبان سکھانے کا اہتمام کیا جائے۔ اس موقع پر کرنل ندیم قادری نے چین کے میگا پراجیکٹ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے حوالے سے نوائے وقت کی خصوصی اشاعت دکھائیں اور بتایا کہ ایس سی او ممالک سمیت کسی بھی ملک میں بی آر آئی پر ریسرچ بیسڈ اشاعت صرف نوائے وقت کررہا ہے ۔ انہوں نے 25 اکتوبر 2020ء کو اورنج لائن ریل آپریشنل ہونے پر دی نیشن میں چینی قونصلیٹ لاہور کی طرف سے مبارکباد کی اشاعت بھی دکھائی جبکہ اورنج لائن کے جشن بہاراں ایونٹ برائے 2024ء کی خصوصی اشاعت بھی پیش کی۔ جس کے بعد اورنج لائن وفد کو مختلف ڈیپارٹمنٹس کا دورہ کرایا جس میں مارکیٹنگ، ایڈیٹوریل، نیوز روم، اکاؤنٹس، ہیومین ریسورسز، پھول کلیاں اور رپورٹنگ شامل ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن