مہنگائی کم ہو رہی، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اولین ترجیح: وزیراعظم
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی +این این آئی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے ملک میں وسائل کی کمی نہیں، روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، دن رات ایک کر کے حالات بدل دیئے ہیں۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سب ملکر محنت کر رہے ہیں، اگست میں مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد پر آ گئی، مہنگائی کا بوجھ آہستہ آہستہ کم ہو رہا ہے، وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کو ستائش پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دن رات ایک کر کے حالات بدل دیئے، پاکستان کے کروڑوں لوگ بہت قابل ہیں، یہاں کسی چیز کی کمی نہیں، معدنیات، قدرتی وسائل ہیں، حالات میں بتدریج بہتری آرہی ہے، ملک کو تیزی سے آگے لے کر جانا ہے، آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق لوازمات کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ سفر کٹھن اور مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں، پورا یقین ہے اپنی منزل تک پہنچیں گے، اپنے اہداف پر فوکس رہنا ہوگا، عملی بصیرت پر ہماری کمٹمنٹ باتوں، پیپر اور سمری سے زیادہ ہونی چاہیے، روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، ہمیں سمگلنگ کا بھی خاتمہ کرنا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کی۔ مہنگائی میں کمی پر خراج تحسین پیش کیا۔ شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چئیرمین، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی کی زیر قیادت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد فاروق ستار، مصطفیٰ کمال اور سید امین الحق شامل تھے۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور مشیرِ وزیراعظم برائے سیاسی امور و بین الصوبائی روابط رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔ وفد نے وزیراعظم کی قیادت میں معاشی پالیسیوں کی بدولت مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آنے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا اور وزیر اعظم کی کاروبار دوست پالیسیوں اور برآمدی صنعت کی ترقی کیلئے اقدامات کی بھی تعریف کی۔ وفد نے وزیرِ اعظم کو معیشت کی ترقی کیلئے تجاویز اور ملکی معاشی مراکز بالخصوص کراچی کے لوگوں کی خوشحالی کیلئے تجاویز پیش کیں۔ وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، حکومت کی انتہائی اہم اتحادی جماعت ہے، اتحادی جماعتوں کے تعاون سے ملکی ترقی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ کراچی ملک کا اہم ترین شہر اور ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، کراچی کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ملاقات میں سندھ بالخصوص کراچی اور دیگر شہری علاقوں کے مسائل کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔