• news

بلوچستان کی بہتری کیلئے کئی مواقع ضائع کئے، محرومیوں سے ملک دشمنوں کو تقویت ملی: خواجہ آصف

اسلام آباد (آئی این پی ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی بہتری کے لیے کئی مواقع ضائع کیے گئے، بلوچستان کی محرومیوں کی وجہ سے وہاں ملک دشمن عناصر کو تقویت ملی۔ عمران خان کو خود پتا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کی ساری کہانی کا کھرا ان کی طرف جائے گا۔ سابق وزیر اعظم جو کچھ کرتے رہے ہیں، فیض حمید ان سب معاملات سے باخبر آدمی ہیں۔ معاملات زیادہ عرصے تک معلق نہیں رہیں گے، سب چند دنوں میں طے ہو جائے گا۔ ایک انٹرویو میں خواجہ آصف نے  اختر مینگل کے ساتھ بات چیت کو ضروری قرار دیا اور یقین دلایا کہ محمود اچکزئی سیاسی جماعتوں سے بات کرتے ہیں تو خیر مقدم کریں گے۔ انہوں دعوی کیا کہ پی ٹی آئی میں چار گروپ بن چکے ہیں۔  اختر مینگل سے بات چیت ہوسکتی ہے اور کرنی چاہیے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ اختر مینگل کے ذریعے کہلوایا جائے کہ ہم بلوچستان کے مسائل حل کریں گے۔  خواجہ آصف نے کہا کہ ان تمام وجوہات کو ختم کرنا چاہیے جن کی وجہ سے بلوچستان میں مسائل ہو رہے ہیں۔ نواز شریف، شہباز شریف اور دیگر لیڈر ماضی میں قومی ڈائیلاگ کا کہہ چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن