• news

انٹرمیڈیٹ نتائج: لاہور بورڈ 60.45، گوجرانوالہ میں کامیابی کا تناسب 62.32 فیصد

لاہور؍ گوجرانوالہ (لیڈی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) لاہور بورڈ کے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 2024ء کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ کامیابی کا تناسب فیصد  60.4 رہا۔ لاہور بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان کے نتائج اور پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو انعامات تقسیم کرنے کے حوالے سے تقریب  ہوئی۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور ٹاسک کمیٹی کے چیئرمین مزمل  مہمانان خصوصی تھے۔ تقریب میں چیئرمین بورڈ زید بن مقصود، سیکرٹری بورڈ رضوان نذیر اور کنٹرولر امتحانات میاں زاہد بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پوزیشن ہولڈرز میں نقد انعامات ، میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو لیپ ٹاپ اور 25 ہزار روپے نقد انعام دیا گیا جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں بالترتیب 15 اور 10 ہزار روپے کے نقد انعامات دئیے گئے۔ تقریب میں پوزیشن حاصل کرنے والے امیدواروں کے والدین اور اساتذہ بھی موجود تھے۔ گوجرانوالہ میں امتحان دینے والے کل 142834  امیدواروں میں سے89019 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ کامیاب ہونے والے طلبا و طالبات کا تناسب 62.32 فیصد رہا، اس موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی کمشنر گوجرانوالہ/چیئرمین ایجوکیشن بورڈ سید نوید حیدر شیرازی تھے۔ سیکرٹری بورڈ پروفیسر محمد نعیم بٹ طلباء و طالبات اور والدین نے بھی شرکت کی اور پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات کو انعامات اور اسناد دیں۔ کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے  خطاب کرتے ہوئے پوزیشن ہولڈرز اور پاس ہونے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ ایجوکیشن بورڈ کوجدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ سیکریسی اور میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔ تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ واحد بورڈ ہے جسے آٹومیشن پر منتقل کر دیا گیا ہے اور سوفیصد ورکنگ پیپرلیس ہو گئی ہے۔ کمشنر/ چیئرمین ایجوکیشن بورڈ نے کہا کہ نادرا کے ساتھ تعلیمی بورڈ کا ایم او یو سائن ہو گیا ہے جس کے بعد امیدوار کی تاریخ پیدائش اور والد کے نام میں غلطی کا امکان ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات قوم کے بچے ہیں اور حکومت پنجاب و ایجوکیشن بورڈ کیلئے یکساں اہم ہیں۔ قبل ازیں سیکرٹری تعلیمی بورڈ پروفیسر محمد نعیم بٹ نے خطبہ استقبالیہ دیا۔ فیصل آباد بورڈ 71.81، سرگودھا 67.97 اور بہاولپور میں کامیابی کا تناسب 60.61 فیصد رہا۔ مزید برآں پنجاب میں بورڈز کی کل 306 ٹاپ پوزیشنز کا اعلان کر دیا گیا ہے جن میں  66 پوزیشنیں گورنمنٹ اور آزاد تعلیمی اداروں نے حاصل کیں جن میں 46 گورنمنٹ اور 20 آزاد تعلیمی اداروں کی ہیں۔ 240 پوزیشنز پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے حاصل کیں ہیں۔ 142 پوزیشنز پنجاب کالج نے اپنے نام کیں۔ اس طرح پرائیویٹ کالجز کی کل پوزیشنز میں 59 فیصد پنجاب کالج کے نام رہیں۔

ای پیپر-دی نیشن