• news

مقبوضہ کشمیر: تلاشی کارروائیاں، یوم دفاع پاکستان سے قبل آرمی چیف کی تصویر والے پوسٹر چسپاں

سری نگر (کے پی آئی + این این آئی)  مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوری میں بھارتی فوجیوں نے تلاشی اور محاصرے کی ایک بڑی کارروائی شروع کی ہے۔ بھارتی فورسز نے ضلع کے علاقے تھنہ منڈی میں کارروائی شروع کی ہے۔دوسری جانب بھارت  کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں 6 ستمبر کو’’ یوم دفاع پاکستان‘‘ سے قبل پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی تصویر والے پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر کے مختلف علاقوں میں یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے پوسٹرز چسپا ں کیے گئے ہیں۔پوسٹروں میں جنرل سید عاصم منیر کی تصویر موجود ہے اور ان میں لکھا ہے  6 ستمبر کا’’ یوم دفاع‘‘ کشمیریوں کو یقین دلاتا ہے کہ پاکستان اتنا طاقتور ہے کہ جنگ میں بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر سکتا ہے۔ ضلع بانڈی پورہ میں لوگوں نے نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی فرقہ پرست بھارتی حکومت کی عوام دشمن پالسیوں کیخلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع کے علاقے حاجن میں خواتین سمیت بڑی تعداد میں لوگ مودی انتظامیہ کی عوام کی مشکلات کے تئیں بے حسی  کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے جبکہ  کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبد الرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت بین الاقوامی تنازعہ کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے اور استصواب رائے مظلوم لوگوں کا بنیادی مطالبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں بھارتی فوجیوں کے پہرے میں نام نہا انتخابات کی کوئی اہمیت نہیں ، کشمیری انتخابات کیلئے نہیں بلکہ بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں ۔

ای پیپر-دی نیشن