• news

خطہ میں سٹرٹیجک استحکام کیلئے مسلح افواج کا کردار کلیدی، شہباز شریف: سکیورٹی چیلنجز سے مکمل آگاہ ہیں، عسکری قیادت

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) وزیر اعظم شہباز شریف نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں اسٹریٹیجک استحکام کے ساتھ ساتھ جوہری جنوبی ایشیا میں قیام امن اور طاقت کا توازن برقرار رکھنے کے حوالے سے مسلح افواج کے کلیدی کردار کو تسلیم کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے راولپنڈی میں آرمی وار گیم کے اختتامی اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر اعظم کو حال ہی میں ختم ہونے والے وار گیم اور خطرات سے نمٹنے کے حوالے سے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔ تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور اعلی عسکری حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں اسٹریٹیجک استحکام کے ساتھ ساتھ جوہری جنوبی ایشیا میں قیام امن کے لیے ضروری ایٹمی طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے حوالے سے مسلح افواج کے کلیدی کردار کو تسلیم کیا۔انہوں نے روزگار کے جدید تصورات اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی بھی تعریف کی جن کا مقصد ڈیٹرنس نظام کو بڑھانا ہے جو جارحیت کی صورت میں کسی بھی مخالف کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کو یقینی بنائے گی۔عسکری قیادت نے قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے ہر قیمت پر تحفظ کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاک فوج موجودہ سیکیورٹی چیلنجز سے پوری طرح باخبر ہے اور پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کے لیے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھے گی۔
اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)معروف عالمی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پاکستان میں 50 لاکھ کروم بکس تیار کرنے کے اقدام کا آغاز کر دیا ہے، اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو پہلی کروم بک پیش کی گئی۔ جمعرات کو اے گوگل پاکستان آگے بڑھو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی سطح پر اور پاکستان میں گوگل کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کی شراکت داری اور خدمات لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی نوجوان نسل انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بہت زیادہ قابل ہے جو پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی تعلیم اور بااختیار بنانے کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے اگلے پانچ سالوں میں آئی ٹی ایکسپورٹ کا ہدف 25 ارب ڈالر مقرر کیا ہے جو کہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے آئی ٹی ماہرین اور صنعتکاروں سے کہا کہ وہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور فری لانسرز کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ہدف کے حصول میں حکومت کی مدد کے لئے ایک منصوبہ پیش کریں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے عوام کے بہترین مفاد میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی سے نجات کے لئے ملک کے گورننس سسٹم کو مکمل طور پر پیپر لیس اور ڈیجیٹلائز کرنے کا عزم کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے شفاف طریقے سے آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کی وزارت کے لئے ایک نئے سیکرٹری کی خدمات حاصل کی ہیں۔ ملک میں چھوٹی صنعتوں اور فری لانسنگ کی ترقی کیلئے فریم ورک تیار کرنا ہوگا تاکہ نوجوان برسر روزگار ہوں ، اچھی آمدن حاصل کر سکیں ،  اگر گوگل اس حوالے سے کوئی منصوبہ لے کر آتا ہے تو ہم اسے خوش آمدید کہیں گے۔ سری لنکا، بنگلہ دیش اور پاکستان کے لئے گوگل کے ریجنل ڈائریکٹر فرحان قریشی نے تقریب سے خطاب کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی پر توجہ دینے سے ملک میں معاشی سرگرمیاں بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان میں فری لانسرز کے لئے ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے کے وسیع مواقع موجود ہیں، گوگل ڈیٹا اینالیٹکس، مصنوعی ذہانت اور سائبر سکیورٹی پر 4 سے 6 ماہ دورانیے کے کورسز کرا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن