احمد شریف چودھری نے پاکستان کے نشریاتی و ابلاغی محاذ کو ناقابل تسخیر بنا دیا
فیصل ادریس بٹ
ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کر دیا احتساب سے کوئی بھی بالاتر نہیں اور یہی پاک فوج کا امتیاز و خاصیت ہے۔ پاک فوج کے ترجمان کی حیثیت سے احمد شریف چوہدری نے چھ دسمبر 2022ء کو اس عہدے کے فرائض سنبھالے۔ وہ 22ویں ڈی جی آئی ایس پی آر ہیں۔ الیکٹریکل اینڈ مکینیکل انجینئرنگ کور سے ان کا تبادلہ بطور ڈی جی آئی ایس پی آر ہوا جو خاص اہمیت کا حامل ہے۔ احمد شریف چوہدری نے پاک فوج اور عوام کے درمیان مضبوط اور مستحکم رشتے کو پائیدار بنانے کا اہم فریضہ انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیا ہے۔ ان کی تقرری کے دوران ڈیجیٹل دہشتگردی عروج پر رہی۔ اس لئے اب ان کے عہدے کے تقاضوں میں بھی چیلنجز سامنے آئے لیکن احمد شریف چوہدری نے انتہائی مہارت ،احسن و پر اثر و پروقار انداز میں پاک فوج کی عالیشان روایت کو قائم رکھا۔ خاص طور پر ایک مخصوص سیاسی جماعت کی جانب سے ہونے والے منفی پراپیگنڈا کو منطقی انجام تک پہنچانے میں بھی ان کا کردار یادگار و بے مثال رہا ہے جسے فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ان کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے انہیں مئی 2024ء میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی ملی۔ احمد شریف چوہدری جیسے نڈر، بے باک اور دلیر و مدلل انداز میں اپنا نکتہ نظر بیان کرنے والے افسران ہی ہمارا تابناک اور محفوظ مستقبل ہیں۔ آج 6 ستمبر یوم دفاع کے موقع پر ہم پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ اور ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی وجہ سے وطن عزیز نشریاتی وابلاغی محاذ پر دفاعی اعتبار سے ناقابل تسخیر ہوا اور اندرون و بیرون ملک دشمن عناصر کے پراپیگنڈا کو نہ صرف جڑ سے اکھا ڑ دیا گیا بلکہ اس کے مقابلے میں پاک فوج اور عوام کے ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہرے و مظبوط رشتوں کو مزید مستحکم بنایا گیا ہے۔ ان کے دور میں آئی ایس پی آر کو جدید خطوط پر استوار کرکے اس کی آپریشنل صلاحیتوں میں بے پناہ اضافہ کیا گیا ہے۔ پاکستان کی جغرافیائی، فضائی یا بحری حدود کا دفاع ہر محاذ پر بروقت، برملا اور بے باک انداز میں جس طرح لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی قیادت میں ہو رہا ہے یہی پاک فوج کی تابندہ تاریخ رہی ہے۔ آپریشن عزم استحکام کے مقاصد کو جس طرح سے انہوں نے واضح کیا اور اس حوالے سے سوال اٹھانے والوں کو جس طرح مدلل انداز میں جواب دیا وہ قابل ستائش ہے۔ نطریاتی سرحدوں اور سوشل میڈیا کے عفریت یعنی ڈیجیٹل دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنا بھی موجودہ دور میں سب سے اہم محاذ رہا ہے۔ اس پر قابو پانے کے حوالے سے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ یہ 6 ستمبر ہمیں 1965 کی کامیابی کی یاد دلاتا ہے تو احمد شریف نے جس طرح وطن عزیز کا خوارجی دہشت گردوں فتنہ و انتشاریوں کے سامنے ڈٹ کر سیسہ پلائی دیوار کی طرح دفاع کیا ہے اس کو بھی تاریخ یاد رکھے گی کہ کس طرح ملک دشمن سرگرمیوں کا قلع قمع کیا گیا۔