• news

 سرکاری محکموں میں غیر ضروری اخراجات پر پابندی عائد

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) حکومت نے وزارتوں اور ڈویژنز سمیت سرکاری محکموں میں غیر ضروری اخراجات پر پابندی عائد کردی۔وزارت خزانہ کی جانب سے مالی کفایت شعاری پالیسی کے تحت پابندیوں کے احکامات کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق وزارتوں اور ڈویڑنز سمیت سرکاری محکموں میں گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ صرف آپریشنل وہیکلز، میڈیکل ایکوپٹڈ وہیکلز، ایمبولینسز، وفاقی تعلیمی اداروں کے لیے بسیں فائر فائٹنگ وہیکلز، بسیں، وین، ویسٹ مینجمنٹ کے لیے گاڑیاں اور بائیکس خریدنے کی اجازت ہوگی۔علاوہ ازیں وزارتوں اور ڈویڑنز کے لیے مشینری و آلات کی خریداری پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ صرف تعلیمی اداروں، زراعت، مائننگ، اسپتالوں اور لیبارٹریوں کے لیے مشینری و آلات کی خریداری کی اجازت ہوگی۔اسی طرح کسی بھی قسم کی نئی اسامیوں پر بھی پابندی ہوگی۔ سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ کسی بھی قسم کی عارضی اسامیوں کو ایک سال سے زائد عرصے کے لیے جاری نہیں رکھا جائے گا ۔نوٹی فکیشن کے مطابق سرکاری اخراجات پر  غیر ضروری بیرونی دوروں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پچھلے 3 سال سے خالی پڑی اسامیاں ختم کردی جائیں گی تاہم اس پابندی کا اطلاق  پی ایس ڈی پی کے منصوبوں پر نہیں ہو گا ۔

ای پیپر-دی نیشن