• news

پی ٹی آئی کا جلسہ آج، تیاریاں عروج پر: انتظامیہ رکاوٹیں ڈال رہی، عمر ایوب 

اسلام آباد، پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ) اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسہ کی تیاریاں جاری ہیں۔ جلسہ سنگ جانی مویشی منڈی کے پاس آج ہو گا۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا انتظامیہ رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔ اس لئے نئی جگہ کا این او سی جاری کیا۔ دریں اثناء انتظامیہ نے جلسہ گاہ آنے کے راستے متعین کر دیئے۔ جلسہ کے باعث مری روڈ اور دیگر داخلی راستوں پر کنٹینرز پہنچا دیئے گئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے جلسہ گاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے کہا ہے کہ آج اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ سنگجانی کے مقام پر ہو گا۔ انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ہمیں این او سی دیا یہ جلسہ پرامن ہو گا، یہاں دھرنا یا لانگ مارچ نہیں ہو گا۔ جلسہ اس ملک اور عدلیہ کی آزادی کیلئے ہو گا، مہنگائی اور لاقانونیت کے خلاف جلسہ ہو گا۔ پیر کو بانی پی ٹی آئی سے ملوں گا، انتظامیہ سے درخواست ہے جب این او سی ہے تو رکاوٹ نہ ڈالے۔ 2 بجے شروع ہو گا، وقت آگے پیچھے بھی ہو جائے تو انتظامیہ تعاون کرے۔ مشیر اطلاعات خیبر پی کے بیرسٹر سیف نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت جلسہ رکوانا چاہتی ہے، حکومت نے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ سارے پنجاب کی پولیس اسلام آباد میں تعینات ہے۔ پنجاب کو کچے کے ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور جلسے کیلئے قافلے کی قیادت کریں گے۔ پشاور سے ایم پی اے فضل الٰہی نے ہر رکن اسمبلی کو ہزار کارکن لانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ آج اسلام آباد میں تاریخی جلسہ ہو گا۔ آج ثابت کرنا ہے کہ ہم حقیقی آزادی لے کر دم لیں گے۔ ملک کو مقروض کرنے والوں کو دوبارہ مسلط کر دیا گیا ہے۔ مہنگائی‘ بیروزگاری اور بدامنی کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے‘ سب کو نکل کر ثابت کرنا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔ اسد قیصر نے جلسہ گاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے کہا ہے کہ امید ہے عوام بڑی تعداد میں جلسے میں شرکت کریں گے۔ اسلام آبادجلسے کا بنیادی مقصد بانی پی ٹی آئی کو آزاد کرانا اور مہنگائی کے خلاف آواز اٹھانا ہے۔ ملک کو غاصبوں سے نجات دلانے کیلئے سب کو نکلنا ہو گا۔ حکومت جوڈیشل پیکج لانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہمارے ایم این ایز کو دھمکیاں مل رہی ہیں کہ وہ جوڈیشل پیکج میں ساتھ دیں۔

ای پیپر-دی نیشن