بانی پی ٹی آئی، اہلیہ کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس 2 سماعت کیلئے منظور
اسلام آباد، راولپنڈی (نمائندہ نوائے وقت) احتساب عدالت اسلام آباد کے ایڈمنسٹریٹو جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس2 سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے احتساب عدالت2 کو منتقل کر دیا ہے۔ ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت نمبر2 کے جج محمد علی وڑائچ کریں گے۔ نیب نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس2 سعودی ولی عہد کی جانب سے دئیے گئے بلغاری جیولری سیٹ پر دائر کیا، جس میں کہا گیا کہ بشریٰ بی بی کو بلغاری جیولری سیٹ7 سے10 مئی2021 ء دورہ سعودی کے موقع پر دیا گیا۔ تحقیقات کے دوران اکٹھے کیے گئے شواہد کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے غیر قانونی طور پر بلغاری جیولری سیٹ اپنے پاس رکھا، ڈپٹی ملٹری سیکرٹری نے18 مئی2021 ء کو سیکشن افسر توشہ خانہ کو قیمت کا تخمینہ لگانے اور ڈکلیئر کرنے کے بارے آگاہ کیا لیکن جیولری سیٹ کو جمع نہیں کرایا گیا۔ بلغاری کمپنی نے فرنچائز سالوجنٹ ٹریڈنگ سعودیہ عرب کو25 مئی2018 ء کو ہار3 لاکھ یورو اور بالیاں80 ہزار یورو میں فروخت کی تھیں۔ کمپنی سے بریسلٹ اور انگوٹھی کی قیمت کے بارے معلومات نہیں مل سکیں،28 مئی2021 ء کو بلغاری جیولری سیٹ کی ٹوٹل قیمت تقریباً7 کروڑ56 لاکھ 61 ہزار600 پاکستانی روپے بنتی ہے۔ جیولری سیٹ میں شامل ہار کی قیمت5 کروڑ64 لاکھ 96 ہزار روپے بنتی ہے، جیولری سیٹ میں شامل بالیوں کی قیمت1 کروڑ50 لاکھ65 ہزار 600 روپے بنتی ہے، توشہ خانہ رولز کے مطابق50 فیصد دے کر بلغاری جیولری سیٹ کی قیمت 3 کروڑ57 لاکھ65 ہزار800 روپے بنتی ہے، بلغاری جیولری سیٹ کی کم قیمت لگوا کر قومی خزانے کو3 کروڑ28 لاکھ51 ہزار300 روپے کا نقصان پہنچایا گیا، بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کے ساتھ مل کر نیب آرڈیننس1999 ء کی سیکشن9 اور سب سیکشن3 ،4،6 اور 12 کی خلاف ورزی کی ہے، یکم اگست2022 ء کو بورڈ میٹنگ کے بعد چیئرمین نیب کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف انکوائری شروع ہوئی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے اپنی وزارتِ عظمٰی کے دور میں 108 تحائف میں سے58 اپنے پاس رکھے۔