• news

یوم فضائیہ ملی نغمہ جاری، دشمن کے عزائم خاک میں ملائے: وزیر داخلہ

اسلام آباد+فیروزوالہ (نوائے وقت رپورٹ+اپنے سٹا ف رپو رٹر سے+نامہ نگار) پاکستان بھارت جنگ میں پاکستان ایئر فورس کا اہم کردار رہا اس حوالے سے گزشتہ روز ملک بھر میں یوم فضائیہ جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس دن کو منانے کا مقصد ستمبر 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں پاک فضائیہ کے کارناموں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے پاک بھارت جنگ میں 6 اور 7 ستمبر کو بھارتی فضائیہ کے50  سے زائد طیارے گرا کر جنگ کا پانسہ پلٹ دیا تھا، پائلٹ نشانِ حیدر یافتہ شہید راشد منہاس کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل عامر شہزاد تھے۔ تقریب میں شہید راشد منہاس کے بھائی انجم منہاس نے بھی شرکت کی۔ شہید پائلٹ راشد منہاس کی قبر پر پھول رکھے گئے اور پی اے ایف کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ یوم دفاع و شہدا کے موقع پر پاک فضائیہ کی طرف سے ملی نغمہ جاری کر دیا گیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق یوم دفاع و شہداء کے موقع پر شہداء و غازیانِ وطن کے اعزاز میں پاکستان ایئر فورس نے ملی نغمہ جاری کیا ہے۔ نغمے کی شروعات بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے سنہرے الفاظ سے کی گئی جن میں وہ کہتے ہیں کہ مسلمان مصیبت میں گھبرایا نہیں کرتا۔ نغمے کے اندر شاعرِ مشرق علامہ اقبال کی شاعری بھی استعمال کی گئی ہے جو کہ لہو کو گرمانے کا کام دے رہی ہے۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابل فخر تاریخ کی امین ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھر میں پی اے ایف کے تمام بیسز پر یوم شہداء منایا گیا۔ ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں یومِ شہداء کی مناسبت سے تقریب ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ہم ان ہیروز کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے وطن کے لئے لازوال قربانیاں دیں۔ فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق فیروزوالہ کے ہیرو فلائٹ لیفٹیننٹ محمود احمد بٹ شہید نے بھی 1965ء میں پاکستان کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ فاتحہ خوانی اور خصوصی دعا مانگی گئی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پیغام میں کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے کم وسائل کے باوجود جنگ ستمبر میں  دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بے مثال خدمات و لازوال قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔پاک فضائیہ کے شہدا کی بہادری اور جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن