• news

عوام نے پی ٹی آئی کے جلسہ کو مسترد کر دیا، خیبر پی کے وسائل کا کنسرٹ ہوا: وزراء

  اسلام آباد/لاہور(نوائے وقت رپورٹ+اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے عوام نے پی ٹی آئی کے جلسے کو مسترد کر دیا ہے۔  وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاہے  اسلام آباد میں جلسہ نہیں، خیبر پی کے  کے سرکاری وسائل سے کنسرٹ ہوا۔ وزیر اطلاعات عطا  اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی جلسے کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا  اسلام آباد سمیت پنجاب میں ٹریفک معمول کے مطابق رہی، جن لاکھوں لوگوں نے آج انقلاب برپا کرنا تھا پتہ نہیں وہ کہاں چلے گئے ہیں؟انہوں  نے کہا پی ٹی آئی نے جلسے کے لئے جعلی ویڈیوز کا سہارا لیا، پی ٹی آئی نے جلسہ کی ناکامی کو چھپانے کے لئے جھوٹے اور جعلی ٹویٹس کئے۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر جھوٹ پھیلایا اور پروپیگنڈا کیا، پی ٹی آئی کی پنجاب اور خیبر پی کے  کی قیادت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، اس ناکام جلسے پر اتنا ہی کہا جا سکتا ہے تبدیلی کا جذبہ، تبدیلی کا جنون، انا للہ و انا الیہ راجعون۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاہے جلسہ جلوس سے بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر نہیں آئیں گے۔ ہمیں جلسے سے نہیں پی ٹی آئی والوں کی کرتوتوں سے ڈر لگتا ہے۔گزشتہ روزاسلام آباد میں ریسکیو 1122 کی گاڑیوں میں بھر بھر کر لوگوں کو جلسے میں گیا۔عمران خان کے بارے میں جو باتیں ڈاکٹر اسرار احمد اور حکیم سعید کیا کرتے تھے وہ آج 100 فیصد درست ثابت ہو رہی ہیں۔ ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  انہوں نے کہا  خیبر پی کے  کی بدقسمتی ہے اسے بانی پی ٹی آئی جیسے حکمران مل گئے۔کے پی کے لوگوں کے مقدر میں شاید جلسہ جلوس لکھ دیا گیا ہے۔ خیبرپی کے  کے لوگوں کو نئے پاکستان کے نام پر ٹیکہ لگا ہے۔ خیبرپی کے  کے لوگوں کوکے پی کے سے اٹھا کر یہاں لایاگیا۔اللہ جانے پی ٹی آئی جلسے میں شرکت کرنے کا کیا ریٹ تھا۔ جس جس نے 9مئی کیا اور جس کی ہدایت پر کیا سب کو جواب دینا پڑے گا۔ 9مئی سقوط ڈھاکہ کی طرح تاریخی واقعہ ہے جسے کبھی بھولا نہیں جا سکتا۔پی ٹی آئی دور میں 40 کیسز ملٹری کورٹس میں چلائے گئے۔جی ایچ کیو پر حملہ کیس ملٹری کورٹس میں چل سکتا ہے تو بانی پی ٹی آئی کا نومئی حملہ کیس کیوں نہیں چل سکتا۔وزیر اطلاعات نے کہا عمران خان نیب ترامیم کی مخالفت کر رہے تھے۔ اب ریلیف کے لئے سب سے پہلے انکی درخواست آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا ڈی جی خان کے حالات بہت زیادہ بہتر نہیں۔ ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے مسٹر بین اور چارلی چپلن کی طرح نہر پر بیٹھنے والے بزدار کوئی پارفارمنس تو نہ دے سکے لیکن مریم نواز پورے پنجاب میں خدمت کے ریکارڈ قائم کررہی ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈی جی خان کا دورہ کرکے نیوٹریشن پروگرام کا آغاز کیا، بہت سارے لوگوں کو نیوٹریشن پروگرام پر بھی اعتراض ہے۔اپنا گھر اپنی چھت پروگرام بھی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے شہریوں کے لیے ہے۔مولانا فضل الرحمان کی حکومت پر تنقید کے حوالے سے سوال کے جواب میں عظمیٰ بخاری نے کہا  مولانا فضل الرحمان ہمارے بڑے ہیں، ان کی بات پر رد عمل نہیں دیں گے۔
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسلام آباد میں تحریک انصاف کے جلسے میں وزیر اعلیٰ خیبرپی کے  علی امین گنڈاپور کے خطاب پر سخت ردعمل دیا ہے۔اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا  بنگلادیش کا حوالہ دینا اور لشکر لیکر پنجاب پرحملہ آور ہونے کی دھمکی اس شخص نے دی جس سے اپنے حلقے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا اس کے پاس اتنے لشکر ہیں تو دہشتگردی کنٹرول کرلے یا مانے یہ دہشتگردوں کے حلیف ہیں۔انہوں نے کہا تقریر میں یہ بھی بتانا تھا پہلی بار شہباز شریف کو ملنے کس کی ہدایت پر آئے تھے، جلسے میں رنگ بازی کرتے ہو۔

ای پیپر-دی نیشن