عوام کو مزید ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہیں، مریم نواز: ڈھابے پر چائے پی شہریوں سے گفتگو
لاہور( نوائے وقت رپورٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈی جی خان سے لاہور جاتے ہوئے ’’چائے کے ڈھابے‘‘ پر گاڑی رکوالی اور شہریوں کو خوشگوار سرپرائز دے دیا۔ ڈیرہ غازی خان میں بچوں کے نیوٹریشن پروگرام کی تقریب سے واپسی پر وزیر اعلیٰ پنجاب سڑک کنارے روایتی پیالہ ہوٹل پر رک گئیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے چارپائی پر بیٹھ گئیں اورڈیرہ غازی خان کی روایتی چائے نوش کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے مزیدار چائے کو سراہا اور اس دوران شہریوں سے بات چیت بھی کی اور مختلف امور کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈیرہ غازی خان کے شہریوں نے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کو بجلی کے بل دکھاکر14روپے فی یونٹ کمی پر شکریہ ادا کیا۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو خوش رکھے، آپ نے بجلی بل کم کرکے غریبوں کی دعائیں لی ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے بتایا کہ نواز شریف کو عوام کے بجلی بلوں کی بہت فکر ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور میں آپ کو ریلیف د ے رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے مزید بتایا کہ آٹا،چینی،گھی، دالیں اور سبزیاں سستی ہو نے سے مہنگائی میں کمی ہوئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مزید ریلیف دینے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا کہ صوبہ بھر میں سکول سے باہر رہ جانے والے بچوں کی تعلیم کے لئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔معاشرے کے نظر انداز طبقات کی بنیادی تعلیم کے لئے درکار وسائل مہیا کئے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے عالمی یوم خواندگی پراپنے پیغام میں کہا کہ عالمی یوم خواندگی پر آج سب کو پڑھانے کے عزم کااعادہ کرتے ہیں۔ٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سو فیصد خواندگی حاصل کیے بغیر ہم روشن مستقبل کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔۔ پنجاب کے طلبہ کو ملکی اور غیر ملکی یونیورسٹیوں میں سکالرشپ دینگے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ طلبہ خاص طور پر طالبات کو آمدورفت میں آسانی کے لئے ہر تحصیل میں بسیں مہیا کرینگے۔انرولمنٹ کیمپین کے تحت بچوں کے داخلے کئے جارہے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پاکستان نیوی ڈے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی سمندری حدود کی حفاظت پر مامور پاک بحریہ کوسلام پیش کرتے ہیں۔ پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں۔قوم پاکستان نیوی کے جانبازوں کے کارناموں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ 8ستمبر کادن پاک بحریہ کے سرفروشوں کی قربانیوں اور غیر معمولی کارناموں کی یاد دلاتا ہے۔ 1965اور1971 میں پاک بحری نے دشمن کو ناکوں چنے چپوائے۔ پاک بحریہ کے جانبازوں نے دشمن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ دفاع وطن میں پاک بحریہ کے ناقابل فراموش کردارکو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔مریم نوازشریف نے کہا پاکستان نیوی خطے میں باصلاحیت اور متحرک پروفیشنل بحری فورس بن کر اْبھری ہے۔