• news

لیاقت بلوچ کا وزیر داخلہ سے ٹیلیفونک رابطہ، معاہدے پر تبادلہ خیال 

اسلام آباد؍ لاہور (خبرنگار+ خصوصی نامہ نگار) نائب امیر جماعت اسلامی سیاسی قومی امور اور جماعتِ اسلامی دھرنا مذاکرات کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ کی وفاقی وزیرِ داخلہ سید محسن نقوی سے ٹیلیفونک رابطہ اور گفتگو ہوئی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ مذاکرات اور معاہدہ کی روشنی میں حکومت سنجیدگی سے کام کررہی ہے اور وہ خود جلد ہی منصورہ آکر امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن اور مذاکراتی کمیٹی کو اس حوالے سے آگہی دیں گے۔لیاقت بلوچ نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے طلبا کے احتجاج، دھرنا اور مسائل کے حل کا بھی مطالبہ کیا۔طلبہ بالخصوص غیرملکی طلبہ کو ہاسٹلوں سے بیدخل کرنا غیر اخلاقی، غیرانسانی اور تعلیم دشمنی پر مبنی اقدام ہے۔وزیرِ داخلہ نے کہا کہ یونیورسٹی طلبا کے مسائل حل کیے جائیں گے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ اگر حکومت جانتی ہے کہ دھرنا ہوگیا، معاہدہ بھی ہوگیا، لیکن اب عمل نہیں کرنا تو یہ بات حکومت کو مہنگی پڑے گی۔عوام ازسرنو ہڑتالوں، احتجاج اور لانگ مارچ کے لیے مکمل تیار ہیں ملکی مفاد میں ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے ۔

ای پیپر-دی نیشن